قومی ٹیم میں کسی بھی پوزیشن پرکھیلنے کو تیار ہوں، شان مسعود

لندن (آن لائن)پاکستان کرکٹ ٹیم کے ٹاپ آرڈر بیٹر شان مسعود نے کہا ہے کہ انہوں نے کبھی خود کو کسی ایک فارمیٹ یا پوزیشن پر محدود نہیں کیا، پاکستان کیلئے کسی بھی پوزیشن پر کھیلنے کا موقع ملا وہ بخوشی بیٹنگ کریں گے۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ کاؤنٹی کرکٹ میں انہیں اپنا کھیل تسلسل کے ساتھ بہتر کرنیکا موقع ملا۔شان نے کہاکہ پاکستان کیلئے یہ اچھا سائن ہے کہ ٹاپ آرڈر بیٹرز میں کافی سخت مقابلہ ہے، مجھے اس مقابلے میں شامل ہونا ایک بہتر پلیئر بنائے گا کیوں کہ جب دیگر پلیئر ورلڈ کلاس پرفارمنس دیں گے تو مجھے بھی اپنا گیم بہتر کرنا ہوگا، میں نے جس طرح کبھی بطور پلیئر اپنے آپ کو محدود نہیں کیا ویسے ہی بطور بیٹر اپنی پوزیشن کو محدود نہیں کیا، پاکستان سے جس پوزیشن پر کھیلنے کا موقع ملا کھیلوں گا۔شان مسعود نے کہا کہ وہ شکر ادا کرتے ہیں کہ ان سے رنز ہورہے ہیں اور اس بات کا بالکل بھی پریشر نہیں لیتے کہ انہیں پاکستان سے کھیلنے کا موقع نہیں مل رہا کیوں کہ ان کی نظر میں ایسے شکوے شکایت کرنا ناشکری ہوتی ہے۔انہوں نے کہاکہ میں نے پچھلے دو سال میں بہت کچھ سیکھا ہے، خاص طور پر جب ٹیم سے باہر ہوا، ملتان کی کپتانی چھوٹی، سینٹرل کنٹریکٹ چھوٹا، پلیئنگ الیون کی جگہ گئی، 8 ماہ قبل جب بہن کا انتقال ہوا تو اس کے بعد زندگی کی حقیقت کھلی۔کرکٹر نے کہا کہ ان سب کے بعد یہ اندازہ ہوا کہ کرکٹ ایک گیم ہے، اس کو انجوائے کریں زندگی میں کرکٹ سے بھی بڑھ کر چیزیں ہوتی ہیں، اس سے بڑا کیا موقع ہوسکتا ہے کہ آپ اپنی ڈومسیٹک ٹیم یا کاؤنٹی ٹیم یا قومی ٹیم کی نمائندگی کر رہے ہیں۔اوپننگ بیٹر نے کہا کہ میں نے پوری زندگی تو کرکٹ نہیں کھیلنی اس لیے جو کرکٹ کھیل رہا ہوں، اس کو انجوائے کر رہا ہوں اور سلیکشن ہونے نہ ہونے کا پریشر نہیں لے رہا، جب وقت آئے گا تو ضرور پاکستان کیلئے بھی کھیلوں گا۔