عمران خان نے اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹ سے متعلق ترمیم کو چیلنج کردیا

اسلام آباد (آن لائن) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے اوورسیزپاکستانیوں کے ووٹ سے متعلق ترمیم کو سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا۔ اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ دینے کی سہولت فراہم کرنے کے لیے سپریم کورٹ میں ایڈووکیٹ عزیرکرامت بھنڈاری کی وساطت سے دائر درخواست میں وفاق، الیکشن کمیشن پاکستان اور نادرا کو فریق بنایا گیا ہے۔درخواست میں الیکشن ایکٹ میں وفاقی حکومت کی جانب سے کی گئی ترامیم کو غیر آئینی قراردینے کی استدعا کی گئی ہے،درخواست میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ الیکشن کمیشن اور دیگر حکام کو اوورسیز پاکستانیوں کو دی گئی ووٹ کی سہولت فراہمی کا حکم دے تا کہ آئندہ عام انتخاب میں اوورسیز پاکستانیوں کو فراہم کی گئی سہولت کے ذریعے ووٹ ڈال سکیں۔ درخواست میں اپیل کی گئی ہے کہ الیکشن کمیشن اور نادرا کو فنڈز فراہم کرنے کا حکم دیا جائے جبکہ نادرا کو اوورسیز پاکستانیوں کے لیے ووٹ ڈالنے کا میکنزم بنانے کی بھی ہدایت جاری کی جائے۔