برآمدی سیکٹر کے مسائل کے موافق اور موضوع اقدامات کے ذریعے فوری حل میں ہی پاکستان کی معاشی بقاء پوشیدہ ہے،شہباز شریف

لاہور (آن لائن) وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت پیر کو ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ میں معاون انڈسڑیل اور ایکسپورٹ سیکٹر کے مسائل کے حل کے لئے جائزہ اجلاس ہوا،اجلاس میں وفاقی وزیر برائے انرجی ڈویژن انجینئر خرم دستگیر، وفاقی وزیر بورڈ آف انویسٹمنٹ چوہدری سالک حسین، وفاقیوزیر برائے کامرس سید نوید قمر، وفاقی وزیر برائے انڈسٹریز سید مرتضی محمود، وزیر مملکت برائے پٹرولیم مصدق ملک، ممبر قومی اسمبلی شاہد خاقان عباسی، صوبائی وزیر قانون ملک احمد خان، متعلقہ وزارتوں کے اعلیٰ حکام اور ٹیکسٹائل سیکٹر کے نامور بزنس مین نے شرکت کی۔وزیراعظم نے انڈسٹریل اور بالخصوص ٹیکسٹائل سیکٹر کے انرجی سپلائی کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لیے بزنس مین کے نمائندہ گروپ کو متعلقہ وزرا سے فوری طور پر ملاقات میں تفصیلاً مسائل پر تبادلہ خیال کی ہدایت کی، شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کے انڈسٹریل اور برآمدی سیکٹر کے مسائل کے موافق اور موضوع اقدامات کے ذریعے فوری حل میں ہی پاکستان کی معاشی بقاء پوشیدہ ہے، معاشی طور پر غیر معمولی صورتحال میں انڈسٹریل اور برآمدی سیکٹر کی ہرممکن مدد سے ہی پاکستان کی برآمدی مصنوعات کو عالمی مارکیٹ میں بہتر طور پر پیش کیا جا سکتا ہے،شہباز شریف نے صرف گیس پر چلنے والے کارخانوں کے لئے گیس لوڈ شیڈنگ کی پالیسی پر نظر ثانی کی بھی ہدایت کی تاکہ برآمدات کی پیداواری ترسیل کو یقینی بنایا جا سکے۔