وزیراعلیٰ پنجاب نے عید الاضحی ٰ پر پنجاب بھر میں صفائی کے انتظامات پر بریفنگ لی، حتمی پلان کی منظوری

لاہور (آن لائن) وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف کی زیر صدارت صفائی پلان کے متعلق خصوصی اجلاس ہوا جس میں وزیراعلی کو عید الاضحی ٰ پر پنجاب بھر میں صفائی کے انتظامات پر بریفنگ دی گئی، اجلاس میں حتمی پلان کی منظوری، کنٹرول روم بنانے اور صفائی پلان کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کرانے کا حکم دیا گیا ہے وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے عید کے دنوں میں متوقع بارشوں کے پیش نظر نکاسی آب کے خصوصی انتظامات کی بھی ہدایت کی۔تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ حمزہ شہباز کی صدارت میں صفائی پلان کے متعلق خصوصی اجلاس میں انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ قربانی کے جانوروں کی آلائشیں بروقت ٹھکانے لگائی جائیں اور متوقع باتشوں کے پیش نظر تمام اضلاع میں عملے کو الرٹ رکھا جائے اور نکاسی آب کا بندوبست کیا جائے۔وزیر اعلی حمزہ شہباز نے مزید ہدایت کی کہ صفائی پلان کی نگرانی کے لیے کنٹرول روم قائم کیا جائے اور اس پلان کا تھرڈ پارٹی آڈٹ بھی کرایا جائے۔لوزیراعلیٰ کی دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ لئے رواں برس عید الاضحی پر 1086 گاڑیاں فیلڈ میں ہوں گی جبکہ گزشتہ برس 480 گاڑیاں فیلڈ میں تھیں۔ الائشیں اٹھانے کے لئے3516 پک اپ کرائے پر لے رہے ہیں۔الائشیں اکٹھا کرنے کیلئے یونین کونسل کی سطح پر 280 کیمپ لگائے جائیں گے۔۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی ک کمشنر لاہورڈویڑن، ڈپٹی کمشنر لاہور سمیت دیگر اضلاع کے انتظامی افسران عید الاضحٰی پر فیلڈ میں موجود رہیں۔ گنجان آبادیوں میں صفائی کے انتظامات پر خصوصی توجہ دی جائے۔ کمشنر لاہورڈویڑن اور چیف ایگزیکٹو آفیسر لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے عید الاضحٰی پر صفائی کے انتظامات کے بارے میں بریفنگ دی۔ خواجہ احمد حسان، چوہدری شہباز احمد، افتخار احمد، کبیر تاج، صبغت اللہ سلطان، غلام دستگیر، عمران گورایہ، سیکرٹری بلدیات، ایم ڈی واسا اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔