کوروناکیسز میں اضافہ، عیدالاضحیٰ، بلدیاتی انتخابات اور محرم کی آمد سے قبل کنٹرول کرنے کی ضرورت ہے، مراد علی شاہ

کراچی (آن لائن)وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ جون کے آخری ہفتے کے دوران کوروناکیسز میں اضافے کا رجحان دیکھا گیا ہے اور عیدالاضحیٰ، بلدیاتی انتخابات اور محرم جیسے بڑے ایونٹس کی آمد سے قبل اسے کنٹرول کرنے کی ضرورت ہے بصورت دیگر حکومت کے پاس کچھ سخت فیصلے لینے کے سوا کوئی چارہ نہیں ہوگا۔اس صورتحال کو آسانی سے ماسک پہننے، مصافحہ سے گریز، سماجی دوری کو یقینی بنانے اور رضاکارانہ طور پر ہاتھ دھونے جیسے کورونا ایس او پیز کو اپنانے سے کنٹرول کیا جا سکتا ہے۔یہ بات انہوں نے جمعہ کو کورونا وائرس ٹاسک فورس کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی، انہوں نے صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے وزیراعلیٰ ہاؤس میں اجلاس طلب کر رکھا تھا۔ اجلاس میں صوبائی وزراء ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو، ناصر شاہ، شرجیل میمن (ویڈیو لنک پر)، مشیر قانون مرتضیٰ وہاب، پارلیمانی سیکرٹری صحت قاسم سومرو، چیف سیکرٹری سہیل راجپوت، آئی جی پولیس غلام نبی میمن، وزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکریٹری فیاض جتوئی، سیکریٹری داخلہ سعید منگنیجو، کمشنر کراچی اقبال میمن، ڈاکٹر باری، ڈاکٹر قیصر سجاد، ورلڈ بینک کی ڈاکٹر سارہ خان، وی سی ڈاؤ یونیورسٹی ڈاکٹر سعید قریشی، ڈپٹی ڈی جی رینجرز بریگیڈیئر رؤف شہزاد، کور ہیڈ کوارٹر اور انٹیلی جنس کے نمائندوں نے شرکت کی۔وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا گیا کہ 17 جون کو صوبے میں صرف 38 کیسز تھے جن کا تشخیصی تناسب 3.6 فیصد تھا اور اگلے روز 18 جون کو کیسز کی تعداد بڑھ کر 122 ہوگئی۔اس میں 30 جون تک رپورٹ ہونے والے کیسز 377، 531 اور 465 سے بڑھتے چلے گئے۔ اس پر وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ صورتحال خطرناک نہیں بلکہ تشویشناک ضرور ہے، ہمیں بڑے پیمانے پر آگاہی کے ذریعے اس پر قابو پانے کی ضرورت ہے۔ گزشتہ ایک ہفتے (24-30 جون 2022) کے اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ کراچی میں 30 جون کو سب سے زیادہ 19.76 فیصد کیسز، 29 جون کو 19.09 فیصد، 28 جون کو 19.24 فیصد، 27 جون کو 9.21 فیصد، 26 جون کو 22.65 فیصد، 25 جون کو 21.71 فیصد اور 24 جون کو 19.65 فیصدکیسز کا تناسب ہے۔اسی مدت کے دوران حیدرآباد میں 24 جون کو 11.54 فیصد، 25 جون کو 8.51 فیصد، 26 جون کو 0.32 فیصد، 27 کو 0.29 فیصد، 28 جون کو 1.09 فیصد، 29 جون کو 0.15 فیصد اور 30 جونکو 0.39 فیصد کیسز سامنے آئے۔