10 سال سے زیر تعمیر جدید اسلام آباد جیل کمپلیکس کی قسمت جاگ گئی، وزیراعظم نے نوٹس لے لیا

اسلام آباد (آن لائن) وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں 10 سال سے زیر تعمیر جیل آئندہ مالی سال میں مکمل کرنے کا حکم دے دیا، منصوبے کے جائزے کیلئے 6 رکنی کمیٹی تشکیل دیکر ایک ہفتے میں رپورٹ طلب کر لی۔ جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق وزیراعظم نے اسلام آباد ماڈل جیل کمپلیکس کا سالوں سے زیر التوا منصوبہ ہنگامی بنیادوں پر مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے جبکہ اس سلسلے میں 6 رکنی کمیٹی تشکیل دیکر ایک ہفتے میں کمیٹی سے رپورٹ طلب کی گئی ہے، وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ خان کو کمیٹی کا سربراہ مقرر کیا گیا ہے،، سیکرٹری ٹو وزیراعظم ڈاکٹر توقیر شاہ کے دستخطوں سے حکمنامہ جاری کیا گیا، کمیٹی داخلہ، ہاؤسنگ، منصوبہ بندی کی وزارتوں کے سیکرٹری، چیف کمشنر اسلام آباد اورچیئرمین سی ڈی اے شامل ہیں، جدید ترین عالمی معیار اور سہولیات کی حامل اسلام آباد جیل کی تعمیر فنڈز نہ ہونے کی وجہ سے مکمل نہیں ہو سکی تھی، اسلام آباد جیل کمپلیکس کو دنیا کی جدید جیلوں کی طرز پر تعمیر کیا جارہا ہے، عمارت کی تعمیر نہ ہونے سے اسلام آباد کے قیدیوں کو گزشتہ 6 دہائیوں سے اڈیالہ جیل میں رکھا جارہا ہے۔