کارکن اور جیالے ذوالفقار بھٹو اورشہیدبی بی کے ادھورے مشن کو بلاو ل کی قیادت میں پورا کریں گے، یوسف رضا گیلانی

اسلام آباد(آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی کی سینئر راہنماء اور سابق وزیراعظم سینیٹر سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پی پی پی کے کارکن اور جیالیعلی بھٹو اورشہیدبی بی کے ادھورے مشن کو بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پورا کریں گے، ذولفقار علی بھٹو نے اس ملک کو ایٹمی قوت دی اور آئین پاکستان دیا اور صدر آصف علی زرداری نے آئین پاکستان کو اصل شکل میں بحال کیا اورتمام تر اختیارات پارلیمنٹ کو دئیے، محترمہ بینظیر بھٹو شہید نے، جمہوریت، آئین اور قانون کی بادستی، اور انسانی حقوق کی جنگ لڑی، آج ملک میں جو بھی لولی لنگڑی جمہوریت ہے وہ شہیدبی بی کی ہی مرہون منت ہے، ملک ہمیشہ آئین پر عملدرآمد سے ہی مضبوط ہوتے ہیں،انہوں نے ان خیالات کا اظہار نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں شہید بینظیر بھٹو کی 69 ویں سالگرہ اور جیالا ٹی وی نیٹ ورک کی لاونچنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا،سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے پارلیمنٹ اورجمہوریت کو مضبوط کیا،آج بہت بڑا دن ہے، بینظیر بھٹو شہید نے ہمیشہ جمہوریت، آئین اور قانون کی بادستی، اور انسانی حقوق کی جنگ لڑی آج انکے جنم دن کے موقع پر بتانا چاہتا ہوں کہ پیپلز پارٹی کے کارکن اور جیالے ذوالفقار علی بھٹو اورشہیدبی بی کے ادھورے مشن کو بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پورا کریں گے، انہوں نے کہا ذوالفقار علی بھٹو نے اس ملک کو ایٹمی طاقت بنانے کی بنیاد رکھی اور آئین پاکستان دیا،ذوالفقار علی بھٹو نے کشمیر کے لیے قربانیاں دیں، آج ملک میں جو بھی لولی لنگڑی جمہوریت ہے وہ شہید بی بی کی ہی مرہون منت ہے، آئین پاکستان کو اصل شکل میں بحال کیا،تمام سیاسی قوتوں کو ہم نے یکجا کیا،محترمہ نے نواز شریف کو بھی الیکشن پہ قائل کیا جب شہید بی بی کی شہادت ہوئی تو نواز شریف نے الیکشن کا بائیکاٹ کرنے کا اعلان کیا تو گڑھی خدا بخش میں آصف علی زرداری نے نواز شریف کو انتخابات میں حصہ لینے پر آمادہ کیا۔ انہوں نے کہا شہیدبی بی کے مشن کے مطابق آصف علی زرداری نے تمام تر اختیارات پارلیمنٹ کو دئیے حالانکہ آصف علی زرداری اس وقت خود صدر تھے اور اس طرح تمام تر اختیارات وزیرا عظم کے پاس چلے گئے، پارلیمانی نظام میں وزیراعظم جواب دہ ہوتا ہے،ہم نے پارلیمنٹ کو مضبوط بنایا ہے،ہم اداروں کو مضبوط کریں گے، اس وقت اداروں پہ تنقید کی جارہی ہے، اداروں پہ تنقید کرنے والوں کو بتانا چاہتا ہوں کہ آپ کا پاکستان کو بنانے اور مستحکم کرنے میں کوئی کردار نہیں ہے، انہوں نے کہا شہید بی بی جیسی لیڈرشپ کا پاکستان میں فقدان ہے،ہم جمہوریت کو مضبوط کریں گے اور آئین کے مطابق داروں کو مضبوط کریں گے تاکہ کوئی پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے نہ دیکھ سکے، اس موقع پر جیالا ٹی وی نیٹ ورک کے سی ای اوسید سعادت حسین شاہ کا کہنا تھا کہ ہم نے یہ چینل اپنی پارٹی کی سرگرمیوں کو اجاگر کرنے کیلئے قائم کیا ہے اس چینل پرصرف اپنی پارٹی کی سرگرمیوں کو فوکس کریں گے یہ چینل جیالوں کا آپس میں رابطہ رکھے گا اس چینل سے پارٹی کا مثبت کردار اجاگر ہوگا یہ جیالوں کے ساتھ پارٹنر شپ ہو گی اس چینل کا بنیادی مقصد پارٹی کی سرگرمیوں کی کوریج ہے۔