پٹرولیم مصنوعات قیمتیں بڑھانے پر مفتاح اسماعیل اور خواجہ آصف آمنے سامنے

اسلام آباد (آن لائن)وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل اور وزیر دفاع خواجہ آصف آمنے سامنے آگئے،وزیرا عظم نے مفتاح اسماعیل کا دفاع سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی ذمہ داری ہے کہ کابینہ ارکان کو مطمئن کریں۔منگل کو کابینہ کا اجلاس وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ہوا،اجلاس کے دوران خواجہ آصف نے وزیر خزنہ کو مخاطب ہوتے ہوئے کہا مہنگے تیل سے ہم سب کی عوامی مقبولیت کو نقصان پہنچ رہا ہے،مہنگائی کی وجہ سے غریب مشکلات کا شکار ہے،یہ معاملہ اب رکے گا یا نہیں،ہم نے الیکشن میں عوام کے پاس بھی جانا ہے اگر یہی حالات رہے تو پارٹی کو شدید نقصان پہنچے گا،اس پر وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ مجھے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانے کا شوق نہیں،عالمی منڈی کو دیکھ لیں وہاں سے مہنگاتیل خرید کر سستے کیسے بیچ سکتے ہیں،ہم نے امیروں کیلئے ٹیکس بڑھایا ہے،آئی ایم ایف سے جلد خوشخبری آئے گی جس سے غریب عوام کو ریلیف دیں گے،اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف نے مفتاح اسماعیل کا دفاع کرنے کے بجائے ان سے کہا کہ وہ وزراء کے سوالات کا جواب دیں اور انہیں مطمئن کریں، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کسی صورت مفتاح صاحب کاساتھ نہیں دوں گا،ٹیکسوں اور تیل کی قیمتوں میں اضافے پر ساتھیوں کو مطمئن کریں،کابینہ اراکین نے بھی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل سے آئی ایم ایف پروگرام بحال ہونے سے متعلق سوالات کئے جس پر وزیر خزانہ نے شرکاء کے تمام سوالوں کے جواب دیئے اور کہا کہ پروگرام مکمل ہونے پرتمام شرکاء کو تفصیلی بریفنگ دوں گا۔