پی پی167 لاہور میں دو امیدواران کے گروپوں کے درمیان فائرنگ اور تشدد، چیف الیکشن کمشنر کا نو ٹس

اسلام آباد (آن لائن) پنجاب اسمبلی کے حلقہ PP-167 لاہور میں دو امیدواران کے گروپوں کے درمیان فائرنگ اور تشدد کے واقعات پر چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے نوٹس لیتے ہوئے سیکریٹری الیکشن کمیشن عمر حمید خان کو ہدایت دی ہے کہ وہ آئی جی پنجاب اور چیف سیکریٹری پنجاب سے رابطہ کریں جبکہ صوبائی الیکشن کمشنر سعید گل سے بھی واقعے کی تفصیلی رپورٹ طلب کر لی گئی ہے۔ چیف الیکشن کمشنر کا کہنا تھا کہ کسی سیاسی وابستگی کو ملحوظ خاطر رکھے بغیر آئی جی پنجاب واقعہ میں ملوث ملزمان کی گرفتاری یقینی بنائیں۔ مزید یہ کہ آئی جی پنجاب کو واقعہ کی شفاف انکوائری کروا کر رپورٹ الیکشن کمیشن کو پیشں کرنے کی ہدایت بھی دی گئی۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ الیکشن کے دنوں میں آئی جی پنجاب اور انتظامیہ گن کلچر، تشدد اور تخریب کار عناصر سے سختی سے نپٹیں۔ اس حوالے سے الیکشن کمیشن کی زیرو ٹالیرنس پالیسی پر عمل کو یقینی بنایا جائے اور تخریب کار عناصر سے کسی قسم کی نرمی نہ برتی جائے۔ اس کے علاوہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کا حکم بھی جاری کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ مذکورہ واقعے کے حوالے سے الیکشن کمیشن کی ہدایت پر صوبائی الیکشن کمشنر کی جانب سے کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ PP167لاہور کے ڈسٹرک مانیٹرنگ آفیسر نے سی سی پی او لاہور کو تفصیلی انکوائری رپورٹ پیش کرنے کے لئے خط جاری کردیا ہے اور دونوں سیاسی جماعتوں کے امیدواران کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی اور اسلحہ کی نمائش پر نوٹس بھی جاری کئے گئے ہیں. نوٹس میں امیدواران کو کل 20 جون کو ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ
آفیسر کا سامنے پیش ہونے کے احکامات جاری کئے گئے ۔