عدالت نے عامر لیاقت کا پوسٹ مارٹم کرانے کی درخواست منظورکر لی

کراچی (آن لائن)مقامی عدالت نے معروف ٹی وی اینکر اور سابق رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کے پوسٹ مارٹم کا حکم دے دیا،سٹی کورٹ میں عامرلیاقت کا پوسٹمارٹم کرانے سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی، عدالت میں عامر لیاقت کے ورثا اور سرکاری وکیل پیش ہوئے۔عدالت نے شہری کی درخواست کو منظور کرتے ہوئے عامر لیاقت کا پوسٹ مارٹم کرانے کے لیے پولیس کو میڈیکل بورڈ بنانے کا حکم دے دیا عدالت میں پیش کی گئی پولیس رپورٹ کے مطابق پولیس سرجن نے کہا ہے کہ جب تک جسم کا اندرونی جائزہ نہیں لیا جائے گا موت کی وجوہات معلوم نہیں ہوسکیں گی، عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد درخواست منظور کرتے ہوئے حکم دیا کہ پولیس میڈیکل بورڈ قبر کشائی کر کے پوسٹ ماٹم کرے۔واضح رہے کہ گزشہ روز ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کی وفات کی وجہ جاننے کے لیے قبر کشائی اور پوسٹ مارٹم کے لیے خصوصی بورڈ تشکیل دینے کی درخواست دائر کی گئی تھی۔کرمنل پراسیجر کوڈ 1898 کی دفعہ 174 اور 176 کے تحت عدالت میں دائر درخواست میں ڈاکٹر عامر لیاقت کی قبر کشائی اور پوسٹ مارٹم کرانے کی استدعا کی گئی تھا تاکہ موت کی اصل وجہ دریافت کی جا سکے۔کراچی کے ایک شہری عبدالاحد خان کی جانب سے اپنے وکیل بیرسٹر ارسلان راجاکے ذریعے دائر درخواست میں کہا گیا تھا کہ مرحوم ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کی پراسرار اور اچانک موت نے کراچی کے شہریوں میں شبہات کو جنم دیا ہے کہ کسی نے جائیداد کے تنازع پر ان کا قتل کیا ہے۔درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ عامر لیاقت حسین کی قبر کشائی اور پوسٹ مارٹم کیا جائے کیونکہ موت کی حقیقی وجہ سامنے آنا ضروری ہے۔پولیس سرجن کے مطابق جب تک جسم کا اندرونی جائزہ نہیں لیتے موت کی وجوہات معلوم نہیں ہو سکتیں۔