پاکستان کو فیٹف گرے لسٹ سے نکالنے کے پیچھے پی ٹی آئی حکومت کی کاوشیں ہیں،علی حیدر زیدی

کراچی (آن لائن) پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر و سابق وفاقی وزیر علی حیدر زیدی نے کہا ہے کہ پاکستان کو فیٹف گرے لسٹ سے نکالنے کے پیچھے پی ٹی آئی حکومت کی کاوشیں ہیں، این اے240کے ضمنی الیکشن میں جو ہوا عوام نے سارا تماشہ دیکھا۔پی ٹی آئی نے ضمنی الیکشن کا بائیکاٹ کیا اس لیے عوام ووٹ ڈالنے نہیں نکلے۔ ضمنی الیکشن سے ثابت ہوگیا کہ جہاں پی ٹی آئی حصہ نہیں لے گی وہاں عوام ووٹ ڈالنے نہیں نکلے گی۔ وہ پارٹی سیکریٹریٹ انصاف ہاوس میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے اس موقع پر ان کے ہمراہ پی ٹی آئی کے سینئر رہنما و رکن سندھ اسمبلی فردوس شمیم نقوی، صدر پی ٹی آئی کراچی بلال غفار، ترجمان پی ٹی آئی سندھ ارسلان تاج اور دیگر موجود تھے۔ علی زیدی کا مزید کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن صاف شفاف انتخابات کرانے میں مکمل ناکام ہو چکا ہے۔ آئی ٹی کی وزارت عمران خان کے دور میں امین الحق کے پاس تھی آج بھی ہے۔ امین الحق بھائی ای وی ایم کی کمیٹی کا حصہ تھے، شفاف انتخابات کرانے کیلئے ایم کیو ایم تیار تھی۔ مگر ایک دقیانوس جماعتیں دقیانوس الیکشن ہی چاہتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کراچی میں خون خرابہ کرنے والے گزشتہ روز تین گروپوں میں سامنے آگئے۔ جو دہشتگردی ہوئی، کیا کراچی کو دوبارہ برے حالات کی طرف دھکیلا جارہا ہے؟ ایم کیو ایم کی دہشتگردی کو کراچی کے عوام نے مسترد کردیا۔صحافی مشکل حالات میں فائرنگ کے ماحول میں بھی اپنی خدمات انجام دیتے ہیں، جس پر انہیں سلام پیش کرتے ہیں۔ ہم صاف ستھری سیاست کی طرف جارہے تھے۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے گزشتہ روز کے واقعے کا نوٹس لیں۔