اسلام آباد(آن لائن)چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے ملک میں کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ایوان بالا میں حفاظتی اقدامات اٹھانے اور ماسک پہننے کی ہدایت کردی۔جمعہ کے روز سینٹ اجلاس کے دوران سینیٹر محسن عزیز نے نکتہ اعتراض پر بات کرتے ہوئے کہاکہ ایک جانب ملک میں عوام کو معاشی طریقے سے قتل کیا جارہا ہے اور ملکی صنعتیں بند ہورہی ہیں جبکہ دوسری جانب عوام کی جان کو بھی خطرات درپیش ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں کوویڈ کے کیسز دوبارہ سر اٹھا رہے ہیں مگر نہ تو اخبارات میں اس کا زکر ہورہا ہے اور نہ ہی ٹی وی چینلز کچھ دکھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ آج ملک میں کوویڈ کے حوالے سے کوئی بھی ادارہ موجود نہیں ہیں آج ایوان کے کچھ ساتھی کورونا کا شکار ہیں اسی طرح ہسپتالوں میں بھی کورونا کے مریضوں کا رش بڑھ رہا ہے انہوں نے معاملے پر حکومت کو فوری اقدامات کرنے کا مطالبہ کیاجس پرچیئرمین سینیٹ نے ایوان میں کورونا سے بچاؤکیلئے حفاظتی اقدامات اٹھانے اور ماسک پہننے کی ہدایت کی۔
Load/Hide Comments



