سینیٹ اجلاس: چیئرمین سینیٹ نے ملک بھر میں پانی کی شدید قلت پر ارسا سے رپورٹ طلب کر لی

اسلام آباد(آن لائن) چیئرمین سینیٹ نے بلوچستان کے پانی کی چوری سمیت ملک میں پانی کی شدید قلت پر ارسا سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔جمعہ کے روز سینیٹ اجلاس کے دوران سینیٹر دنیش کمار نے نکتہ اعتراض پر بات کرتے ہوئے کہاکہ گذشتہ ڈیڑھ ماہ سے بلوچستان کو پانی کی کمی کا سامنا ہے اب حریف کی فصل تباہ ہورہی ہے مگر ابھی تک پانی نہیں مل رہا ہے انہوں نے التجا کرتے ہوئے کہاکہ ہمار ے زمیندار تباہ و برباد ہورہے ہیں اور کسان فاقہ کشی پر مجبور ہیں انہوں نے کہاکہ ارسا کی رپورٹ کے مطابق پٹ فیڈر کینال میں ارسا نے 6ہزار 500کیوسک پانی جاری کیا ہے مگر ہمیں 2800کیوسک ملا ہے اسی طرح تھر کینال میں 2400کیوسک پانی ریلیز کیا ہے مگر ہمیں 500کیوسک پانی مل رہا ہے اسی طرح اوچھ کینال میں 600کیوسک اور ہمیں 50کیوسک مل رہا ہے اسی طرح منجوٹی کینال سے بھی ہمیں کم پانی مل رہا ہے انہوں نے سندھ سے تعلق رکھنے والے سینیٹرز سے استدعا کی کہ ہمیں بتایا جائے کہ ہمارا پانی کون چوری کر رہا ہے ہم کہاں جائیں۔انہوں نے کہاکہ بلوچستان کے 25سینیٹرز ایوان میں موجود ہیں اور سندھ سے تعلق رکھنے والاوفاقی وزیر ابی وسائل ہے۔ انہوں نے کہاکہ اگر ہم یہ مسئلہ حل نہیں کرسکے تو ہم اس ایوان میں بیٹھنے کے حقدار نہیں ہیں اس موقع پر وزیر مملکت برائے قانون سینیٹر شہادت اعوان نے کہاکہ پانی کا مسئلہ صرف بلوچستان کا نہیں ہے بلکہ پورے ملک کا ہے انہوں نے کہاکہ اس وقت سندھ کے زمیندار بھی احتجاج پر ہیں جس پر چیئرمین سینیٹ نے معاملے پر ارسا سے رپورٹ لیکر ایوان میں پیش کرنے کی ہدایت کی۔