سینیٹ اجلاس: ایوان میں وفاقی وزرا کی عدم موجودگی پر شدید احتجاج

اسلام آباد(آن لائن) ایوان بالا میں حکومتی وزرا کی عدم موجودگی پر اپوزیشن لیڈر نے حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے چیئرمین سینیٹ سے مطالبہ کیا کہ لاپتہ وزرا کو بازیاب کرایا جائے۔جمعہ کے روز سینٹ اجلاس کے دوران اپوزیشن لیڈر ڈاکٹر شہزاد وسیم نے ایوان میں وفاقی وزرا کی عدم موجودگی پر شدید احتجاج کرتے ہوئے چیرمین سینیٹ سے مطالبہ کیا کہ وفاقی وزرا کی موجودگی کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہاکہ ملک سے افراد لاپتہ ہورہے ہیں اور یہاں پر وفاقی وزرا لاپتہ ہورہے ہیں انہوں نے کہاکہ اس معاملے کا پتہ لگائیں کہ یہ وفاقی وزرا کہاں پر پائے جاتے ہیں۔ انہوں نے اس حوالے سے پٹیشن ڈالنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ آج پارلیمنٹ کے لئے شرمناک منظر ہے کیا ہم دیواروں سے باتیں کریں گے انہوں نے کہاکہ یہ حکومت غائب شد ہے انہوں نے کہاکہ پتہ کریں کہ ہمارے وفاقی وزرا کس کس ملک میں پائے جاتے ہیں اور کبھی پاکستان کے دورے پر بھی آئیں انہوں نے کہاکہ بجٹ سیشن بہت اہم ہوتا ہے اور اراکین اپنی سفارشات پیش کرتے ہیں مگر یہاں پر کوئی بھی وفاقی وزیر نہیں ہے انہوں نے کہاکہ عوام کو مہنگائی کی بھٹی میں جھونک کر حکومت غائب ہوگئی ہے جس پر چیرمین سینیٹ نے کہاکہ وفاقی وزرا ایوان میں آرہے ہیں۔