گزشتہ حکومت کے تمام سکینڈلز میں عمران خان، ان کی اہلیہ اور فرح گوگی کے نام عیاں ہیں،مر یم اورنگ زیب

گزشتہ حکومت کے تمام سکینڈلز میں عمران خان، ان کی اہلیہ اور فرح گوگی کے نام عیاں ہیں،
اسلام آباد(آن لائن)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان آج تک اپنے خلاف بیرونی سازش کا کوئی ثبوت پیش نہیں کر سکے، عمران خان نے بحیثیت وزیراعظم نیشنل سیکورٹی کمیٹی کی پریس ریلیز کی خود توثیق کی جس میں کہا گیا کہ کوئی بیرونی سازش نہیں ہوئی، اْس ونہوں نے شواہد کیوں پیش نہیں کئے، اْس وقت جوڈیشل کمیشن کا مطالبہ کیوں نہیں کیا، ان کی رائے اور جھوٹے بیانیہ سے حکومت اور ریاست اپنا آفیشل بیانیہ نہیں بدل سکتی، عمران خان اپنے غلط اور جھوٹے بیانیہ سے اداروں پر حملے کر رہے ہیں، ان کی کرپشن کی کہانیاں سامنے آ رہی ہیں، گزشتہ حکومت کے تمام سکینڈلز میں عمران خان، ان کی اہلیہ اور فرح گوگی کے نام عیاں ہیں۔ بدھ کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ سابق حکومت کی نالائقی، نااہلی، چوری، کرپشن اور لوٹ مار کی وجہ سے پاکستان کے عوام آج مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں، جن کمزور بنیادوں پر نالائقوں اور نااہلوں نے آئی ایم ایف سیمعاہدے پر دستخط کئے اس کی وجہ سے ملک میں آج مہنگائی میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ اتحادی حکومت اور وزیراعظم شہباز شریف پاکستان کے عوام کو مہنگائی کے بوجھ سے بچانے کے لئے دن رات کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم گزشتہ چار سال کے دوران توانائی سمیت دیگر رکے ہوئے منصوبوں کو دوبارہ بحال کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، یہ وہ منصوبے ہیں جو 2018ء میں شروع ہو چکے تھے لیکن پچھلے چار سال کے دوران نااہل اور کرپٹ ٹولے نے اس پر کوئی کام نہیں کیا، ان کی نیت منصوبوں پر کام کرنا نہیں بلکہ ملک سے لوٹ مار کرنا تھی، لوٹ مار سے عمران خان اور فرح گوگی کے اثاثوں میں اضافہ کیا گیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان نے فارن فنڈنگ کی، چندے کے پیسے کی منی لانڈرنگ کی اور اپنے اکاؤنٹس کو ڈیکلیئر نہیں کیا، جب اسٹیٹ بینک نے الیکشن کمیشن میں ان کے اکاؤنٹس کو ڈیکلیئر کیا تو انہوں نے الیکشن کمیشن پر حملے شروع کر دیئے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ فرح گوگی عمران خان کی فرنٹ مین تھی جس نے پنجاب میں دونوں ہاتھوں سے لوٹ مار کی، جب فرح گوگی کے خلاف بات کریں تو عمران خان تڑپنا شروع ہو جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے چار سال بنی گالا درحقیقت منی گالا بنا ہوا تھا، عمران خان کے فرنٹ مین پرسنز نے ان کے احکامات پر عمل کرتے ہوئے ملک اور عوام کا پیسہ لوٹا۔