مقبوضہ کشمیر سمیت ہندوستان بھر میں مسلمانوں پر بدترین مظالم کے باوجود پاکستانی حکمران بھارت سے نارملائزیشن کے لیے بے تاب ہیں،سراج الحق

راولپنڈی،لاہور (آن لائن)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر سمیت ہندوستان بھر میں مسلمانوں پربدترین مظالم کے باوجود پاکستانی حکمران بھارت سے نارملائزیشن کے لیے بے تاب ہیں۔ حکمرانوں نے کشمیر کاز پر کبھی جاندار موقف اپنایا نہ بھارت کے خلاف قوم کے جذبات کی ترجمانی کی۔ مقبوضہ وادی دنیا کی سب سے بڑی جیل میں تبدیل ہو چکی، پورے علاقے میں انسانی حقوق کی شدید خلاف ورزیاں جاری ہیں۔ خواتین کی عصمت دری اور نوجوانوں کو تشدد سے قتل کرنے کے واقعات پر عالمی اداروں کی خاموشی مجرمانہ فعل ہے۔جماعت اسلامی کشمیریوں کا مقدمہ بھرپور طریقے سے لڑ رہی ہے۔ پاکستانی قوم کشمیریوں کی تحریک آزادی کی پشت بان ہے۔ مقبوضہ ریاست کی عوام کو بے مثال جدوجہد آزادی اور لازوال قربانیوں پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ یقین ہے کشمیریوں کی جدوجہد ضرور رنگ لائے گی۔ کشمیر کے عوام کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت دیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے راولپنڈی میں جماعت اسلامی آزاد جموں و کشمیر کی مرکزی مجلس شوریٰ کے اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ، قائم مقام امیر جماعت اسلامی آزاد جموں کشمیر شیخ عقیل الرحمن اور سیکرٹری جنرل آزاد جموں کشمیر تنویر انور خان بھی موجود تھے۔امیر جماعت نے کہا کہ مودی حکومت نے 5اگست2019ء کے اقدام کے بعد کشمیریوں کی تحریک آزادی کو کچلنے کے لیے نئی سازشیں تیار کی ہیں جس کے تحت مقبوضہ وادی کی مسلم اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کے لیے وہاں ہندوؤں کی آبادکاری ہو رہی ہے۔ عالمی رپورٹس کے مطابق اب تک 45لاکھ غیر ریاستی انتہا پسند ہندوؤں کوڈومسائل جاری کردئیے تاکہ آئندہ نام نہاد انتخابات کے ذریعے ہندو وزیر اعلیٰ لانے کے لیے راہیں ہموار ہوں۔ کشمیری نوجوانوں کی آواز کو کچلنے کے لیے انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا پر پابندیاں لگیں اور مقبوضہ علاقے میں عالمی میڈیا کے صحافیوں کوجانے کی اجازت نہیں۔ صرف گزشتہ ماہ 54بے گناہ کشمیری مسلمانوں کو شہید کیا گیا۔ گھناؤنے منصوبے کے تحت مودودی حکومت کشمیریوں کی نسل کشی کررہی ہے۔ ریاست جموں وکشمیر کی مسلمہ حریت قیادت کو قید وبند میں رکھ کر ٹارچر کیا جا رہا ہے۔