شام میں پھنسے 165 پاکستانی وطن واپس پہنچ گئے

کراچی (آن لائن)شام میں پھنسے 165 پاکستانیوں کو پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کی خصوصی فلائٹ کے ذریعے وطن واپس پہنچادیا گیا۔پی آئی اے ترجمان کے مطابق ایئربس اے 320 کی خصوصی پرواز پیر و منگل کی درمیانی رات شام کے شہر حلب سے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی پہنچی جہاں سینئر عہدیداروں نے مسافروں کا استقبال کیا۔ پی آئی اے ترجمان کے مطابق وزیر ہوا بازی خواجہ سعد رفیق کی جانب پاکستانی زائرین کو وطن واپس لانے کے حوالے سے خصوصی ہدایات جاری کی گئی تھیں، جس پر عمل کرتے ہوئے پی آئی اے نے پیر کو شام کے لیے پرواز بھیجنے کے انتظامات کیے تھے۔یاد رہے ہفتہ کو قومی ایئرلائن کے ترجمان نے کہا تھا کہ دمشق ہوائی اڈے پر اسرائیلی فضائی حملوں کی وجہ سے دونوں رن وے ناقابل استعمال ہیں اس لیے شام کے لیے فلائٹ آپریشن مکمل طور پر معطل کر دیا گیا تھا۔تاہم شام میں پاکستان کے سفیر ریٹائرڈ ایئر مارشل سعید محمد خان کی درخواست پر پی آئی اے نے زائرین کو واپس لانے کے لیے خصوصی پرواز بھیجنے کے انتظامات کیے ۔ پاکستانی سفارتکار نے پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو افسر کے ساتھ ساتھ حکومت کو خط لکھا تھا جس میں انہوں نے شام کے شہر حلب سے پاکستانی زائرین کی وطن واپسی کے لیے ضروری انتظامات کرنے کی درخواست کی تھی۔پاکستانی سفیر نے خط میں لکھا تھا کہ شام کے دارالحکومت کے ہوائی اڈے پر پروازوں میں خلل کے باعث دمشق جانے والی پروازوں کا شیڈول حلب کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر منتقل کیا جارہا ہے۔انہوں نے حکومت کو یہ بھی اطلاع دی کہ شام حلب کا ہوائی اڈہ پروازوں کے لیے کارآمد ہے-