ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی سے چیئرمین سی ڈی اے کی ملاقات

اسلام آباد (آن لائن)ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی زاہد اکرم درانی نے چیئرمین سی ڈی اے کو ہدایت کی ہے کہ پارلیمنٹ لاجز سے ملحقہ 104 فیملی سویٹس اور سرونٹ کوارٹرز کو جلد مکمل کرنے کیلئے نظر ثانی شدہ پی سی ون تیار کرنے کیلئے متعلقہ عملے کو ہدایات جاری کی جائیں ۔ ان خیالات کا اظہار چیئرمین سی ڈی اے عامر علی احمد سے پیر کے روز پارلیمنٹ ہاؤس میں ہونے والی ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ 2011 میں شروع کیا گیا تھا اور اسے 2013 میں مکمل ہونا تھا لیکن یہ منصوبہ ابھی تک مکمل نہیں کیا جا سکا،اس منصوبے میں لمبے عرصے کی تاخیر کی وجہ سے اس کی لاگت میں کئی گنا اضافہ ہو چکا ہے اور اراکین قومی اسمبلی کو رہائش کے سلسلے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے پارلیمنٹ لاجز میں صفائی ستھرائی کے انتظامات پر بھی اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹ لاجز میں صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات کی وجہ سے لاجز میں رہائش پذیر ممبران کی جانب سے شکایات موصول ہو رہی ہے۔انہوں نے چیئرمین سی ڈی اے سے کہا کہ پارلیمنٹ لاجز میں صفائی ستھرائی کو بہتر بنانے کیلئے متعلقہ عملے کو ہدایات جاری کی جائیں۔لاجز میں مرمتی اور تزئین و آرائش کے کاموں کے معیار پر کسی بھی قسم کا سمجھوتا نہیں ہو نا چاہیے۔ چیئرمین سی ڈی اے عامر علی احمد نے ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی کو پارلیمنٹ لاجز سے ملحقہ فیملی سویٹس اور سرونٹ کوارٹرز پر ہونے والے کام کی تفصیلات سے آگاہ کیا جبکہ اس منصوبے کو جلد مکمل کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھانے کی یقین دہانی کرائی۔