اسلام آباد (آن لائان) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی)کے سیکرٹری جنرل حسین ابرہیم طحہٰ کے مابین ٹیلیفونک رابطہ ہوا۔ جس میں بھارت میں مسلم مخالف کارروائیوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے اس بات پر زور دیا کہ او آئی سی بھارت میں اسلاموفوبیا کی بگڑتی صورتحال کا فوری نوٹس لے۔ اس موقع پر وزیر خارجہ نے بھارت میں مسلمانوں کے تحفظ کے لیے کوششیں تیز کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ او آئی سی بھارت میں اسلاموفوبیا کی بگڑتی صورتحال کا فوری نوٹس لے، بی جے پی رہنماؤں کے توہین آمیز بیانات سے مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچی۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی جانب سے وضاحت کی کوشش، اور ذمہ دار افراد کے خلاف تاخیر سے کی جانے والی ’انضباطی‘ کارروائی، مسلم دنیا کے درد اور اضطراب کو کم نہیں کر سکتے۔ انہوں نے تضحیک آمیز کلمات کے خلاف نماز جمعہ کے بعد پرامن احتجاجی مظاہروں کے دوران بھارتی حکام کی جانب سے ناروا سلوک کی بھی شدید مذمت کی جو کہ مسلمانوں پر بھارتی حکومت کے جاری ظلم و ستم کا تازہ ترین مظہرہے۔وزیر خارجہ نے او آئی سی اور اس کے رکن ممالک پر زور دیا کہ وہ ہندوستانی مسلمانوں کی جان، مال، عزت، جائیداد، ثقافت، ورثے اور مذہبی آزادیوں کے تحفظ کے لیے اپنی کوششیں تیز کریں۔ انہوں نے تنظیم پر زور دیا کہ وہ ہندوستان میں اسلامو فوبیا کی بگڑتی ہوئی صورتحال کا فوری نوٹس لے۔او آئی سی کے سیکرٹری جنرل نے توہین آمیز بیانات اور بھارتی مسلمانوں پرتشدد کے مسلسل واقعات پرگہری تشویش کا اظہار کیا۔او آئی سی کو اسلامو فوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحان پر تشویش ہے اور اس سے نمٹنے کے لیے اجتماعی اقدامات اٹھانا ہوں گے۔ دونوں فریقوں نے اسلامو فوبیا پر اقوام متحدہ اور او آئی سی کی قراردادوں اور اعلانات کی یاددہانی کرائی اور ہندوستان میں اسلامو فوبیا کا مقابلہ کرنے اور ہندوستانی مسلمانوں کی تکالیف کو کم کرنے کی راہ تلاش کرنے کے لیے رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔
Load/Hide Comments



