لاہور (آن لائن) صوبائی وزیر عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پنجاب کا بجٹ تاریخ ساز بجٹ ہوگا،عام آدمی کو ریلیف مہیا کرنا ہمارا بنیادی ایجنڈا ہے،گزشتہ دور میں ترقیاتی بجٹ کم کر دیا گیا ہم دوبارہ اسے بڑھائیں گے،صوبائی کابینہ کو جلد مکمل کر لیا جائے گا۔ان خیالات کااظہار انہوں نے ہوم اکنامکس کالج لاہور میں ویمن امپاورمنٹ اینڈ سسٹین ایبل ڈویلپمنٹ کے عنوان سے منعقدہ سیمینار میں بطور مہمان خصوصی شرکت کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ عطا اللہ تارڑنے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ خواتین کے خلاف پرتشدد واقعات میں اضافہ قابل تشویش ہے، خواتین کے حقوق کے تحفظ کے لیے آگاہی مہم وقت کی اہم ضرورت ہے، ہمارے گزشتہ دور حکومت میں عورت کے خلاف تشدد بل اور عورت کے تحفظ کابل پاس ہوا،خواتین کے حقوق کے تحفظ کے لیے وقت کے ساتھ ساتھ نئی قانون سازی اشد ضروری ہے۔انہوں نے کہاکہ معاشرے کی سماجی ترقی اور فلاح کے لیے خواتین کو بااختیار بنانا ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہروں میں سموگ کی مقدار تشویشناک حد تک بڑھ گئی ہے،شہروں میں سموگ کی روک تھام کے لئے اقدامات اٹھانا پورے معاشرے کی ذمہ داری ہے، ماحولیاتی آلودگی میں اضافہ آنے والی نسلوں کے لیے نقصان دہ ہے، آنے والی نسلوں کو محفوظ اور آلودگی سے پاک ماحول فراہم کرنا ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ آئندہ مالی سال کا بجٹصحیح معنوں میں عوام دوست بجٹ ہوگا،عام آدمی کی زندگی کو آسان بنانا وزیراعلی پنجاب کا مشن ہے،پنجاب کا بجٹ متوازن ہو گاجس میں تمام سیکٹرز پر خصوصی توجہ دی جائے گی-
Load/Hide Comments



