ملکی سلامتی اور خودمختاری سے متعلق ذمہ داریاں پوری کرینگے، آرمی چیف

ملکی سلامتی اور خودمختاری سے متعلق ذمہ داریاں پوری کرینگے، آرمی چیف
راولپنڈی (آن لائن)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان کی سلامتی اور خودمختاری کے حوالے سے ذمہ داریاں پوری کرینگے۔آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی صدارت میں 80 ویں فارمیشن کمانڈرز کانفرنس ہوئی۔ کانفرنس میں کوکمانڈرز، پرنسپل سٹاف آفیسرز اور پاکستان آرمی کے تمام فارمیشن کمانڈرز نے شرکت کی۔ فارمیشن کمانڈرز کانفرنس کے دوران شرکاء کو پیشہ ورانہ امور، قومی سلامتی کے چیلنجز اور جوابی اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔ سپہ سالار نے آپریشن ردالفساد کی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور اب تک کی کامیابیوں کو سراہا۔آرمی چیف نے جیو اسٹریٹجک ماحول کو تیار کرنے سے متعلق آپریشنل تیاری کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھنے پر خصوصی زور دیا۔جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاک فوج ایک پیشہ ور ادارہ ہونے کے ناطے پاکستان کی سلامتی اور خودمختاری کے حوالے سے اپنی ذمہ داریاں ایک مقدس فریضہ کے طور پر پوری کرے گی-