ضمانت ختم ہونے پر عمران خان کی سکیورٹی پر معمور اہلکار انہیں گرفتار کرلیں گے،رانا ثنااللہ

ضمانت ختم ہونے پر عمران خان کی سکیورٹی پر معمور اہلکار انہیں گرفتار کرلیں گے
اسلام آباد(آن لائن) وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ عدالتی ضمانت ختم ہونے پر قانون کے مطابق فراہم کی گئی سیکیورٹی ہی عمران نیازی کو گرفتار کرلے گی۔عمران نیازی کی بنی گالہ واپسی کے حوالے سے بیان دیتے ہوئے وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ عمران نیازی کو اسلام آباد واپسی پر خوش آمدید کہتے ہیں، قانون کے مطابق عمران نیازی کو سیکیورٹی فراہم کی جارہی ہے اور قانون کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی کو فراہم کی گئی”یہی“ سیکیورٹی عدالتی ضمانت ختم ہونے پر عمران نیازی کوگرفتار کرلے گی۔رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ عمران نیازی فتنہ و فساد اور وفاق پر مسلح حملوں کے جرائم کے تحت درج دو درجن سے زائد مقدمات میں بطور ملزم نامزد ہے، اخلاقی اور جمہوری قدروں سے عاری شخص کس طرح سیاسی جماعت کا سربراہ ہوسکتا ہے،یہ پوری قوم کیلئے ایک لمحہ فکریہ ہے۔