ملک کو فسادی جتھوں اور شرپسند عناصر کے رحم وکرم پر نہیں چھوڑا نہیں جا سکتا، رانا ثناء اللہ

اسلام آباد (آن لائن) وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ ملک کو فسادی جتھوں اور شرپسند عناصر کے رحم وکرم پر نہیں چھوڑا نہیں جا سکتا۔ دارالحکومت اسلام آباد میں فسادی مارچ کو کسی بھی صورت داخل نہیں ہونے دینگے۔ وزیر داخلہ کی زیر صدارت اسلام آباد پولیس اورفرنٹئیر کانسٹیبلری کی آپریشنل استعداد کاربڑھانے کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ وفاقی سیکرٹری داخلہ یوسف نسیم کھوکھر سمیت کمانڈنٹ فرنٹیر کانسٹیبلری صلاح الدین محسود، آئی جی پولیس اسلام آبادڈاکٹر اکبر ناصر، چیف کمشنر اسلام آبادعامر احمد علی اور دیگراعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں امن و امان کیلئے اسلام آباد پولیس اورفرنٹئیر کانسٹیبلری کو مزید مالی،تکنیکی وسائل اور لیگل سپورٹ دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ اسلام آباد پولیس کی تنخواہیں اورالاؤنسز کو پنجاب پولیس کے مساوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں اسلام آباد پولیس کے شہداء پیکیج کے ایک ارب کے بقایاجات فی الفورادا کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ فرنٹئیر کانسٹیبلری کی تنخواہیں، الاونسز اور شہداء پیکیج کو خیبر پختونخواہ پولیس کے مساوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ فرنٹیر کانسٹیبلری کو پولیس کی معاونت کیلئے بطور فساد مخالف فورس استعمال کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ فرنٹئیر کانسٹیبلری کو بطور فساد مخالف فورس استعمال کرنے کیلئے ضروری تربیت دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ دارالحکومت کی فْول پروف سکیورٹی کیلئے لاہور کی طرز پر اسلام آباد سیف سٹی کو جدید ترین بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ امن و امان کی یقینی اور سٹریٹ کرائم کے خاتمے کیلئے دارالحکومت اسلام آباد میں کیمروں کی کوریج کو سو فیصد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں راولپنڈی اسلام آباد جڑواں شہروں کی پولیس اور انتظامیہ کے درمیان کوارڈینیشن میکینزم قائم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوے رانا ثناء اللہ نے کہا ملک کو فسادی جتھوں اور شرپسند عناصر کے رحم وکرم پر نہیں چھوڑا نہیں جا سکتا۔ انہوں نے کہا دارالحکومت اسلام آباد میں فسادی مارچ کو کسی بھی صورت داخل نہیں ہونے دینگے۔ انہوں نے کہا فسادی مارچ اور شر پسند عناصر کو سختی سے کچلا جائے گا۔قانون ہاتھ میں لینے والوں کیساتھ سختی سے نمٹا جائیگا۔ انہوں نے کہا گزشتہ روز وفاقی کابینہ نے فسادی مارچ کے شرپسندوں کی پولیس، رینجرز اور ایف سی اہلکاورں پر تشدد اور حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔کابینہ نے فسادی مارچ کو بہترین پیشہ وارانہ طریقے سے ہینڈل کرنے پر اور امن وامان کو یقینی بنانے کیلئے پولیس، رینجرز اور ایف سی کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا اسلام آباد پولیس اور ایف سی کی تنخواہیں، الاونسز اور شہداء پیکیج کو آ ئندہ مالی سال سے پنجاب اور کے پی مساوی کر دیاجائیگا-