لاہور (آن لائن) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ حکومت کا عوام پر خودکش حملہ ہے۔ ظلم کے خلاف اتوار کو ملک گیر احتجاج ہو گا۔ پی ڈی ایم اور پیپلزپارٹی حکومت نے جمعرات کو جس طرح قانون سازی کی، پی ٹی آئی حکومت کی یاد تازہ ہو گئی جب سابقہ حکومت نے 10منٹ میں قومی اسمبلی سے 35قوانین پاس کرائے تھے۔ نیب پر ہتھوڑا چلا کر ملک میں احتساب کے بچے کھچے نظام کو بھی ختم کر دیا گیا۔ اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کے حق سے محروم کرنا ایک کروڑ محسنین پاکستان کے ساتھ سراسر زیادتی ہے۔ عدم اعتماد لانے کے موقع پر ن لیگ اور پی پی پی کے رہنماؤں کو کہا تھا کہ سب سیاسی جماعتوں کو مل کر الیکشن اصلاحات متعارف کرانی چاہییں۔ جماعت اسلامی جلد بازی میں متعارف کرائے گئے تمام یکطرفہ قوانین کو مسترد کرتی ہے۔ پہلے ہی کہہ رہے تھے کہ پی ٹی آئی کی حکومت کے خاتمے کے بعد جو حکومت بنے گی وہ ماضی کی پالیسیوں کا تسلسل ہی ہو گا، آج وقت نے ہمارے موقف کی سچائی ثابت کر دی۔ انتخابات کے مروجہ نظام کی بجائے متناسب نمائندگی کا اصول اپنایا جائے۔ چاہتے ہیں عدلیہ اور الیکشنکمیشن مکمل آزاد اور اسٹیبلشمنٹ نیوٹرل رہے، کبھی اپنا وزن ایک پلڑے میں اور کبھی دوسرے پلڑے میں نہ ڈالے۔ حکومت وفاقی شرعی عدالت کے احکامات کی روشنی میں سود فری بجٹ دے۔ جماعت اسلامی واحد جماعت ہے جو حقیقی اپوزیشن کا کردار ادا کر رہی ہے۔ ہم یکسوئی کے ساتھ ملک میں اسلامی نظام کے نفاذ اور آئین و قانون کی بالادستی کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے منصورہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ نائب امیر لیاقت بلوچ، سیکرٹری جنرل امیر العظیم اور سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف بھی اس موقع پر موجود تھے۔
Load/Hide Comments



