عبدالقدوس بزنجو کے خلاف تحریک عدم اعتماد مسترد

کوئٹہ (آن لائن)بلوچستان اسمبلی میں وزیراعلیٰ بلوچستان میرعبدالقدوس بزنجو کے خلاف تحریک عدم اعتماد مطلوبہ اکثریت حاصل نہ ہونے پر مسترد کردی گئی۔گزشتہ روز بلوچستان اسمبلی اجلاس کااجلاس ڈپٹی اسپیکر سرداربابر موسیٰ خیل کی زیر صدارت 5گھنٹے کی تاخیر سے تلاوت کلام پاک سے شروع ہوا تو قرار داد کے محرک میرظہوراحمدبلیدی نے تحریک عدم اعتماد کی قرارداد پیش کرنے کی اجازت مانگی جس پر ڈپٹی اسپیکر نے سیکرٹری اسمبلی کو ہدایت کی کہ وہ قرارداد کے حق میں کھڑے ارکان اسمبلی کی گنتی کرے اجلاس میں 11ارکان اسمبلی جام کمال،سرداریارمحمدرند،،اصغرخان اچکزئی،میرظہوراحمدبلیدی،میر سلیم کھوسہ،میرعارف محمدحسنی،میٹھا خان کاکڑ، عمر جمالی سمیت دیگر نے کھڑے ہوکر قرارداد کی حمایت کی جس پر ڈپٹی اسپیکر سرداربابر موسی خیل نے کہاکہ تحریک عدم اعتمادکی قراداد کی 11ارکان نے حمایت کی جبکہ آئینی طورپر 13ارکان کی حمایت ضروری ہے لہٰذا قرارداد کو مطلوبہ اکثریت حاصل نہ ہونے پر مسترد کرتے ہیں،اس موقع پر قرارداد کے محرک میرظہوراحمدبلیدی نے پوائنٹ آف آرڈر پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ جب سے موجودہ حکومت بنی ہے ان کی تباہ کاریاں دیکھ کر میں نے کابینہ سے علیحدگی اختیار کی چند ٹھیکیداروں نے حکومت بنائی تھی اس دوران صوبائی وزیر اسد اللہ بلوچ اور سردار یارمحمدرند کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا جس پر ڈپٹی اسپیکر نے تمام غیر پارلیمانی الفاظ کو کارروائی سے ہذف کرلئے۔اجلاس کے دوران اپوزیشن رکن مکھی شام لعل کی جانب سے کورم کی نشاندہی کی جس پر ڈپٹی اسپیکر نے 5منٹ کیلئے کورم کی گھنٹیاں بجھائی جس کے بعد گورنر بلوچستان کا حکم نامہ پڑھ کر بلوچستان اسمبلی کااجلاس غیر معینہ مدت تک کیلئے ملتوی کردیاگیا۔