سپریم کورٹ کے فیصلے کی آڑ میں فسادی جتھہ ساری رات جلاؤ کرتا رہا،رانا ثنا اللہ

اسلام آباد (آن لائن) وزیرِ داخلہ راناثنااللہ نے کہا ہے کہ ساری رات میں نے خود سکیورٹی حالات کی مانیٹرنگ کی ہے۔ عوام نے فسادی، فتنہ جتھہ کو مکمل طور پر مسترد کر دیا ہے۔جمعرات کے روز اپنے ایک بیان میں وزیر داخلہ نے کہا کہ سپریم کورٹ سے غلط بیانی کر کے اسلام آباد میں طے شدہ جگہ پر جلسہ کرنے کی اجازت لے کر عمران نیازی شہر میں داخل ہوئے اور ڈی چوک جانے کا اعلان کر کے وعدہ خلافی کی۔ میٹرو بس سٹیشن جلائے گئے، درختوں کو آگ لگائی گئی عوام نے سب دیکھا۔ انہوں نے کہا سپریم کورٹ کے فیصلے کی آڑ میں فسادی جتھہ ساری رات جلاؤ کرتا رہا۔ ساری رات عمران نیازی کنٹینر سے سپریم کورٹ کے فیصلے کی دھجیاں اْڑاتا رہا۔ انہوں نے کہا ساری رات عمران صاحب کنٹیر سے توہینِ عدالت کے اعلان کرتے رہے۔ پولیس نے ایک بھی ربڑ بلٹ نہیں چلائی تمام جھوٹا پروپیگنڈہ ہے۔ اٹھارہ رینجرز اور پولیس اہلکار شدید زخمی ہیں۔ انہوں نے کہا اسلام آباد پولیس اور رینجرز لوگوں کی جان و مال کا فریضہ اسی طرح انجام دیتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا میں اسلام آباد پولیس اور رینجرز کے ہر جوان کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہاسپریم کورٹ آئین اور ریاست کی رٹ کو یقینی بنانے کے لئے واضح احکامات دے تاکہ فتنہ پرور ٹولے کو اسلام آباد سے نکال باہر کر دیا جائے اور اسلام آباد کے شہریوں کے جان و مال کی حفاظت کو یقینی بنایا جائےانہوں نے کہا رینجرز اور اسلام آباد پولیس نے بڑی بہادری اور پیشہ و رانہ ذمہ داری نبھاتے ہوئے اسلام آباد کے شہریوں کی حفاظت کی اور فسادی جتھوں کو ٹئیر گیس سے کنٹرول کیا۔