عمران خان دہشتگرد ہے،مارچ کی آڑ میں سازش کر رہے ہیں،رانا ثنا اللہ وفاقی وزیرِقانون

اسلام آباد (آن لائن)وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ بے گناہ پولیس اہلکار کمال احمد کے سینے میں لگی گولی ثبوت ہے کہ عمران خان دہشت گرد ہے،کمال احمد کا قاتل عمران خان، شیخ رشید اور اس کے حواری ہیں۔منگل کے روز اپنے ایک بیان میں وزیر داخلہ کا کہنا ہے کہ خونی مارچ ہوگا کے اعلانات کرنے والوں سے حساب لیں گے، پولیس پر فائرنگ سے یہ بات ثابت ہوگئی ہے کہ یہ سیاسی سرگرمی نہیں، فائرنگ ثبوت ہے کہ یہ پرامن مارچ چاہتے ہی نہیں تھے۔گالیاں دینے والوں نے گولیاں برسانا شروع کردی ہیں، قانون کو ہاتھ میں لیاگیا ہے، قانون جواب لے گا،عمران خان مارچ کی آڑ میں ملک میں خانہ جنگی کی سازش کررہے ہیں، کمال احمد کے قاتلوں کو قانون کے کٹہرے میں کھڑا کریں گے۔رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ ملک میں خانہ جنگی، افراتفری، فساد اور انتشار کو قانون کے راستے سے روکیں گے، شہید پولیس اہلکار کے اہل خانہ کو شہداء پیکج دیں گے، شہید اہلکار کے اہل خانہ کی کفالت اور بچوں کی تعلیم کی ذمہ داری حکومت لے گی، عوام کے جان ومال کی حفاظت کا فرض پورا کریں گے، شہید کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں،اللہ تعالی شہید کے درجات بلند فرمائے، اہل خانہ کو صبر جمیل دے۔