ملک بھر میں یومِ علی عقیدت و احترام منایا گیا

لاہور (آن لائن) حضرت علیؓ کا یوم شہادت ہفتے کے روز لاہور سمیت ملک بھر میں عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔ اس دن کی مناسبت سے شہر بھر میں درجنوں چھوٹے بڑے جلوس نکالے گئے جبکہ یوم شہادت حضرت علیؓ کا مرکزی جلوس مبارک حویلی اندرون موچی دروازہ سے برآمد ہوا جو اپنے مقررہ روٹ سے گزرتا ہوا نماز مغرب سے قبل کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوگیا۔ جلوس میں شامل عزادار ماتم کے ساتھ ساتھ نوحہ خوانی کرتے رہے اس موقع پر لاہور کی ضلعی انتظامیہ نے سکیورٹی کے سخت انتظامات کر رکھے تھے۔ یوم حضرت علیؓ کے موقع پر ہزاروں پولیس اہلکاروں اور افسران نے سکیورٹی امور انجام دئیے جلوس کے روٹ پر ڈبل سواری پر پابندی عائد رہی جبکہ روٹ کے گرد نواح کے علاقوں میں موبائل فون سروس بھی مکمل طور پر معطل رہی یہ بھی بتایا گیا ہے کہ جلوس کے روٹ کی جانب جانے والے تمام راستوں کو بیرئیرز اور خار دار تاریں لگا کر بند کیا گیا تھا جبکہ روٹ پر کسی بھی ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لئے طبی کیمپوں کا انعقاد بھی کیا گیا تھا۔