آرمی چیف کا بدین کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ

راولپنڈی (آن لائن)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے جمعہ کو بدین کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے امدادی اور طبی کیمپوں میں سیلاب سے متاثرہ لوگوں کے ساتھ وقت گزارا اور ملکانی شریف، ضلع بدین میں بچاؤ اور امدادی سرگرمیوں میں مصروف فوجی دستوں سے بھی ملاقات کی۔ بعد ازاں، جنرل قمر جاوید باجوہ نے بدین اور گردونواح کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا فضائی جائزہ بھی لیا۔آرمی چیف سے کراچی میں تاجر برادری نے بھی ملاقات کی۔ بات چیت کے دوران انہوں نے کہا کہ کاروباری برادری نے ہمیشہ پاکستان کے لوگوں کی مختلف قدرتی آفات کے دوران مدد کی ہے جس میں حالیہ سیلاب میں ان کی مدد بھی شامل ہے۔ تاجر برادری کے اراکین نے ملک کی معاشی خوشحالی کے لیے محفوظ ماحول فراہم کرنے میں پاک فوج کے کردار اور قربانیوں کا اعتراف کیا اور سیلاب سے متاثرہ افراد کے لیے آرمی چیف کو زیادہ سے زیادہ تعاون کی یقین دہانی کرائی۔