نیشنل فلڈ ریسپانس کوآرڈینیشن سینٹر میں سیلاب زدہ علاقو ں میں ریلیف اور بحالی کے کاموں کا جائزہ اجلاس

راولپنڈی (آن لائن)نیشنل فلڈ ریسپانس کوآرڈینیشن سینٹر میں سیلاب زدہ علاقو ں میں ریلیف اور بحالی کے کاموں کا جائزہ لیا گیا،اجلاس میں وفاق اور صوبوں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی،وزارت فوڈ سکیورٹی کی جانب سے ملک میں گندم کے وافر ذخائر سے متعلق بریفنگ دی گئی۔اجلاس کی صدارت چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل اختر نواز ستی اور نیشنل کوآرڈینیٹر میجر جنرل ظفر اقبال نے کی،چاروں صوبوں کے چیف سیکرٹری اور پی ڈی ایمزکے صوبائی سربراہان ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے،فورم کو انسانی زندگیوں،جانوروں اور انفراسٹرکچر کو ہونے والے نقصانات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔این ایف آر سی سی کے مطابق سیلاب متاثرہ علاقوں میں مسلح افواج اور سول انتظامیہ کی امدادی سرگرمیاں جاری، پاک فوج کے ہیلی کاپٹروں کی 569 پروازیں، 4653 پھنسے ہوئے افراد کی محفوظ مقامات پر منتقلی، امدادی اشیاء جمع کرانے کے مراکز سے 9365 ٹن راشن بشمول 1585 ٹن غذائی اشیاء اور 88 لاکھ سے زائد ادویات تقسیم کردی گئیں۔آرمی ایوی ایشن ہیلی کاپٹروں نے مختلف علاقوں میں پھنسے لوگوں کو نکالنے کے لئے 569 پروازیں کیں، ہیلی کاپٹر کے ذریعے مجموعی طور پر 4653 پھنسے ہوئے افراد کو نکالا گیا، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 12 پروازیں سے 18.4 ٹن امدادی اشیاء سیلاب متاثرین تک پہنچائی گئیں، ملک بھر میں سیلاب متاثرین کے لئے 147 ریلیف کیمپ اور 220 ریلیف کلیکشن پوائنٹس کام کررہے ہیں، جہاں اب تک 9563.6 ٹن راشن، 1619.7 ٹن غذائی اشیاء سمیت 91 لاکھ 77 ہزار 878 ادویات جمع کی جا چکی ہیں، ان مراکز پر جمع ہونے والی 9365 ٹن خوراک، 1585 ٹن غذائی اشیاء سمیت 88لاکھ 32ہزار 678 ادویات متاثرین میں تقسیم کردی گئیں، سیلاب متاثرین کیلئے 300 سے زائد میڈیکل کیمپ لگائے گئے ہیں، میڈیکل کیمپوں میں 3 لاکھ 19 ہزار 49 سے زائد مریضوں کا علاج کیا گیا، تمام مریضوں کو 3 سے 5 دن کی مفت ادویات فراہم کی گئیں.