اسلام آباد(آن لائن)اسلام آباد ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن کے رکن کے خلاف درخواست ناقابل سماعت قرار دیدی۔پاکستان تحریک انصاف کے راہنما فواد چودھری نے رکن الیکشن کمیشن نثار درانی کی تعیناتی کے خلاف درخواست دائر کی تھی۔ چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کیس کی سماعت کی، درخواست گزار کے وکیل ابو ذر سلمان عدالت میں پیش ہوئے،چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ ممبر الیکشن کمیشن ایک آئینی عہدہ ہے اور یہ عدالت کسی بھی آئینی ادارے کے معاملے میں مداخلت نہیں کرے گی، آئین میں کمیشن کے ممبر کو عہدے سے ہٹانے کا طریقہ کار آئین میں درج ہے، ہائی کورٹ کا رٹ کے اختیارات کا استعمال بھی آئین سے مشروط ہے،اس موقع پر درخواست گزار کے وکیل ایڈوکیٹ ابوذر سلمان نے عدالت کو بتایا کہ جب تقرری غیر آئینی ہو تو عدالت رٹ اختیارات استعمال کر سکتی ہے، رکن الیکشن کمیشن ایک اور سرکاری عہدہ بھی رکھتے ہیں جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ آئین میں ممبر الیکشن کمیشن کو ہٹانے کا الگ طریقہ کار دیا ہے،عدالت نے درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر خارج کر دی۔
Load/Hide Comments



