وزیراعظم کی آذربائیجان کے صدر سے ملاقات

سمرقند(آن لائن) وزیراعظم محمد شہبازشریف نے سمرقند میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہان مملکت کے اجلاس کے موقع پر آذربائیجان کے صدر الہام علیوف سے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے پاکستان کے ساتھ تعاون اور یکجہتی کے ساتھ ساتھ سیلاب سے متاثرہ افراد کے لیے دل کھول کر مالی امداد فراہم کرنے پر آذربائیجان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے پیدا ہونے والی سیلاب کی قدرتی آفت اور اس عالمی خطرے سے نمٹنے کے لیے بین الاقوامی برادری سے فوری اقدامات اٹھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان مثالی اور گہرے تعلقات ہیں جو مشترکہ تاریخ، عقیدے اور ثقافت سے جڑے ہوئے ہیں۔ وزیراعظم نے نگورنو کاراباخ پر پاکستان کی آذربائیجان کی اصولی حمایت کا اعادہ کیا اور اس کے مقبوضہ علاقوں کو آزاد کرانے میں کامیابی پر مبارکباد دی۔ وزیراعظم نے آرمینیا کے بلااشتعال حملے میں 71 آذری فوجیوں کی حالیہ شہادت پر بھی تعزیت کا اظہار کیا۔ وزیر اعظم نے بین الاقوامی قانون کے مطابق، اپنی سالمیت کے تحفظ میں آذربائیجان کے دفاع کے حق کی حمایت کا اعادہ کیا۔ دوطرفہ تعلقات پر گفتگو کرتے ہوئے دونوں رہنماؤں نے سیاسی، اقتصادی، توانائی، دفاع، تعلیم اور عوام سے عوام کے روابط سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو بڑھانے کا باہمی عزم کیا۔ وزیر اعظم نے تجارت، سرمایہ کاری، زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور سیاحت کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو بڑھا کر تعلقات کو مزید استحکام دینے کی اہمیت پر زور دیا۔ وزیراعظم نے آذربائیجان کے صدر کو دورہ پاکستان کی دعوت دی۔ صدر الہام علیوف نے وزیراعظم کو جلد از جلد آذربائیجان کے دورے کی دعوت دی۔