موجودہ صورت حال میں ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کی اجازت نہیں دی جا سکتی، وزیر اعظم شہباز شریف

اسلام آبا د(آن لائن)وفاقی کابینہ نے ادویات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری مستردکردی۔وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت منگل کے روز وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا،اجلاس میں مختلف ادویات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری کو غورو غوض کیلئے پیش کیا گیا تاہم وزیر اعظم نے ادویات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری کو مسترد کر دیا اور کہا کہ موجودہ صورتحال میں ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کی اجازت نہیں دی جا سکتی،ادویات کی قیمتوں میں مزید اضافہ کسی صورت قابل قبول نہیں۔یاد رہے کہ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان نے چالیس سے زائد ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کی سمری وزارت صحت کو بھجوائی تھی،وزارت صحت کی جانب سے متعدد ادویات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری منظوری کے لیے کابینہ میں پیش کی گئی،وفاقی کابینہ نے گزشتہ ماہ بھی 35 ادویات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری مسترد کی تھی۔