اسلام آباد (آن لائن) وزیر اعظم شہبازشریف نے سیلاب کی آفت کے دوران اس دنیا میں آنے والے بچے کو ”ترقی،تعمیر نو اور نئے کل کی امید “کا استعارہ قراردیا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے ٹوئٹر پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کے ہمراہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے دورہ کے موقع پر ایک نومولود بچے کو گود میں اٹھائے ایک تصویر شیئر کی ہے۔ وزیر اعظم نے لکھا کہ آج بلوچستان میں ہماری ملاقات ایک ایسے خاندان سے ہوئی جسے اللہ تعالیٰ نے ایک رات پہلے ہی ایک بچے سے نوازا تھا۔ انہوں نے اقوام متحدہ سیکرٹری جنرل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ”میں نے اس جنم کو ایک انسانی المیے کے درمیان ترقی،تعمیر نو اور نئے کل کی امید کی علامت کے طور پر دیکھا“۔تصویر میں وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب اور نو مولود بچے کے والدین بھی نمایاں ہیں۔
Load/Hide Comments



