ڈیرہ اسماعیل خان (آن لائن)پی ڈی ایم اور جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ سیلاب سے بچنے کے لیے ہمیں مستقل بنیادوں پر کام کرنا ہوگا،چھوٹے ڈیم بنانے کی ضرورت ہے۔ بدھ کو وزیراعظم شہباز شریف کے ڈی آئی خان کے سیلاب متاثرہ علاقوں کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ جب بھی سیلاب آتا ہے تو ہمیں تباہ وبرباد کر دیتا ہے، ہمیں سیلاب سے بچنے کیلئے مستقل بنیادوں پر کام کرنا ہوگا، ہمیں چھوٹے ڈیم بنانے کی ضرورت ہے، چھوٹے ڈیم تعمیر ہوجاتے ہیں تو ہم سیلاب سے بچ سکتے ہیں۔مولانا فضل الرحمٰن نے مزید کہا کہ سیلاب سے سوات، بحرین، کاغان میں کئی کئی منزلہ عمارتیں گرگئیں، سیلاب داخل ہوا تو لوگ جتنا جلدی نکل سکتے تھے وہ نکلے، خطے کے لوگ مشکلات سے گزر رہے ہیں، پانی کا رخ ایک جگہ موڑتے ہیں تو آگے جاکر دوسرے لوگ متاثر ہوتے ہیں، آبادی کو بچانے کے لئے ہمیں بڑے روڈ کاٹنے پڑے ہیں، کوہستان کی صورتحال آج بھی قابل توجہ ہے۔ان کا کہنا تھا کہ کوہستان اور دیر میں جو پانی آیا یہ صوبے کا بھی نقصان ہے، اس وقت جہاں جہاں ممکن ہے لوگ واپس گھروں کو جا رہے ہیں، جب تک کوئی گھروں میں نہیں جاسکتا تو کم از کم خیمہ، سایہ تو چاہیے، ہمیں یہاں کے لوگوں کو دوبارہ بحال کرنا ہے۔
Load/Hide Comments



