روہت شرما طویل عرصے کپتانی نہیں کرسکیں گے، محمد حفیظ

لاہور (آن لائن) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد حفیظ نے بھارتی کپتان روہت شرما پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ گھبرائے ہوئے اور شدید دباو کا شکار ہیں مجھے نہیں لگتا وہ طویل عرصے کے لیے کپتانی کر پائیں گے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوے انہوں نے کہا کہا کہ جس روہت شرما کو ہم نے دیکھا اور جانتے ہیں وہ اس طرح کے نہیں ہیں جس طرح کہ وہ کپتانی کے بعد الجھن میں نظر آرہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ روہت شرما پر زیادہ دباو ہے جس سے وہ کنفیوز نظر آتے ہیں ایک طرف انہیں اپنی کھوئی ہوئی فارم کو واپس حاصل کرنے کی فکر ہے تو دوسری طرف ٹیم کی کپتانی کا دباو ہے۔حفیظ نے کہا کہ ہانگ کانگ کے خلاف روہت شرما کی ٹیم نے 40 رنز سے کامیابی حاصل کی لیکن اس فتح کے باوجود کپتان پر دباو کے اثرات واضح ہیں وہ کھوئے ہوئے لگتے ہیں۔سابق کپتان نے کہا کہ روہت شرما کی گھبراہٹ اور دباو کو دیکھتے ہوئے میرا خیال ہے کہ وہ زیادہ عرصہ کپتان نہیں رہ پائیں گے حالانکہ ابھی ان کی کرکٹ باقی ہے لیکن ہو سکتا ہے کہ ان سے متعلق کوئی فیصلہ ہو جائے۔