چین کا پاکستان کے سیلاب متاثرین کیلئے 100 ملین یوآن امداد کا اعلان

اسلام آباد(آن لائن)چین کے صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم لی کی چیانگ نے پاکستان میں سیلاب سے جانی ومالی نقصانات پرپاکستانی قیادت اورعوام سے افسوس اور بھرپوریکجہتی کا اظہار کیا ہے۔چینی قیادت نے صدر عارف علوی اور وزیراعظم شہبازشریف کیلئے خصوصی پیغام میں نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ چین کی طرف سے متاثرین کیلئے100 ملین یوآن امداد کا اعلان، 25 ہزارخیموں اور دیگر امدادی اشیاء کا عطیہ کیا ہے۔چینی قیادت کا پیغام پاکستان میں چین کے سفیرنونگ رونگ نے پاکستانی قیادت کو پہنچایا، وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ہمیشہ کی طرح چین کی قیادت اور عوام نے پاکستان دوستی اور فراخ دلی کا مظاہرہ کی ہے، صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم لی کی چیانگ کو تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔دوسری جانب چین کی فضائیہ کی پروازیں 300 خیموں کی پہلی کھیپ لے کر آج کراچی پہنچیں گی۔ پاکستان میں چین کے سفیر نونگ رونگ کراچی میں امدادی سامان پاکستانی حکام کے حوالے کریں گے۔چین کی طرف سے سیلاب متاثرین کے لئے امداد کی فراہمی سے متعلق اقتصادی امور ڈویژن کو چین کے سفیر کی کراچی سے واپسی پر باضابطہ آگاہ کیا جائے گا، چین کے سفیر نونگ رونگ نے چین کی قیادت کے فیصلے سے حکومت پاکستان کو آگاہ کر دیا۔