پورا ملک ڈوب جائے عمران خان کو صرف اپنی سیاست بچانی ہے،شیری رحمان

اسلام آباد (آن لائن)وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ احتجاج کیلئے عوام کا سمندر نکالنے کا اعلان کرنے والے کو لاکھوں بے گھر سیلاب متاثرین نظر نہیں آرہے،پورا ملک ڈوب جائے اس کوئی فکر نہیں،بس انہیں اپنی سیاست بچانی ہے۔جمعرات کے روز اپنے ایک بیان میں وفاقی وزیر شیری رحمان نے کہا کہ ملک بھر میں بارشوں اور سیلاب کی تباہ کاریوں میں 9 سو سے زائد افراد جاں بحق ہوئے ہیں،ملک کا کوئی ایس حصہ نہیں جو بارشوں اور سیلاب کی زد میں نا ہو،افسوس ہے کہ اس صورتحال کے باوجود خیبر پختون اور پنجاب میں سیلاب زدگان کی مدد کے بجائے عمران خان نے کل ہری پور میں جلسہ کیا،بارشوں اور سیلاب سے کے پی میں 169 اور پنجاب میں 164 لوگ جاں بحق ہوئے ہیں، شیری رحمان نے کہا کہ عمران خان کے پی اور پنجاب میں سیلاب زدگان کی جان و مال بچانے کے بجائے اپنی سیاست بچانے میں لگے ہوئے ہیں کیا عمران خان کو پورے ملک میں سیلاب نظر نہیں آ رہا؟ایک طرف پورا ملک ڈوب رہا، کروڑوں لوگ متاثر ہوئے ہیں دوسری طرف عمران خان لوگوں کو کہہ رہے کہ آخری کال کے لئے تیار رہیں،پہلے کہتے تھے آخری گیند تک کھیلوں گا،اب کہہ رہے آخری کال دونگا، کیا یہ احتجاج اور مظاہروں کا وقت ہے،اپنی سیاست کی فکر کرنے کے بجائے عمران خان کو سیلاب زدگان کی فکر کرنی چاہئے،جلسوں کے بجائے سیلاب زدگان کی مدد کرنی چاہئے احتجاج کے لئے عوام کا سمندر نکالنے کا اعلان کرنے والے کو لاکھوں بے گھر سیلاب متاثرین نظر نہیں آ رہے؟پورا ملک ڈوب جائے ان کو صرف اپنی سیاست بچانی ہے۔