عمران خان وکلاء پینل سے مشاورت کے بعد آج دہشتگردی عدالت میں پیش ہونگے

اسلام آباد(آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان وکلا پینل سے مشاورت کرنے کے بعد آج بروز جمعرات کو دہشت گردی کی عدالت میں پیش ہونگے،پنجاب بار اور ہائی کورٹ بار کے وکلا کی بھاری تعداد عدالت کے باہر جمع ہو گی،وفاقی پولیس نے سیکورٹی کے ساتھ ممکنہ گرفتاری کے لیے پولیس کی بھاری نفری بھی عدالت کے باہر تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے،معلومات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے آج جمعرات کو دہشت گردی کی عدالت میں پیش ہونے کے لیے ممکنہ لائحہ عمل تیار کر لیا ہے،گزشتہ روز بدھ کو وکلا پینل سے ملاقات کے دوران طے پایا ہے کہ عمران خان عدالت میں اس وقت پیش ہونگے جب انہیں عدالت میں موجود وکلا کی جانب سے اطلاع دی جائے گی،اور اس موقع پر پنجاب بار کونسل کے وکلا سمیت ہائی کورٹ بار کے وکلا کی بھاری تعداد بھی عدالت میں موجود ہو گی اور کمرہ عدالت میں چند وکلا ہی مقدمہ کے دفاع کے لیے ضمانت مستقل کرانے سے متعلق دلائل دیں گے،دوسری جانب وفاقی پولیس کے ذرائع سے معلوم ہوا ہے،پولیس کی بھاری نفری سیکورٹی کے ساتھ دہشت گردی کے مقدمہ میں ضمانت کے مسترد ہونے کی صورت میں ممکنہ گرفتاری کے لیے بھی عدالت کے باہر پولیس تعینات کی جائے گی،یہاں پاکستان تحریک انصاف کے ذرائع کا کہنا ہے کہ انہیں یقین ہے کہ عدالت مقدمہ میں ضمانت مستقل بنیادوں پر منظور کریگی،جبکہ دوسری جانب سرکاری پراسیکوٹر ضمانت نہ دی جانے سے متعلق عدالت کو مندرجات سے اگاہ کریں گے.