وزیر اعظم کی قطر سے سیلاب متاثرین کے ریسکیو او ر ریلیف اقدامات کی نگرانی

اسلام آباد(آ ن لائن)وزیراعظم شہباز شریف نے قطر سے سیلاب متاثرین کے ریسکیو، ریلیف کے اقدامات کی نگرانی کی اور احکامات جاری کئے۔ذرائع نے بتایا کہ قطر سے ویڈیو لنک کے ذریعے وزیر اعظم کی زیر صدارت اجلاس ہوا اورسیلاب کی تازہ صورت حال کا جائزہ لیا گیا، وزیراعظم نے بارشوں کے نئے سلسلے کے پیش نظر این ڈی ایم اے اور دیگر متعلقہ کو الرٹ رہنے کا حکم دیا ہے جبکہ ریسکیو اور ریلیف کا عمل تیز کرنے اوراین ڈی ایم اے سمیت تمام متعلقہ وزارتوں اور محکموں کو اشتراک عمل کے ساتھ کام کرنے کی ہدایت کی ہے،وزیر اعظم نے کہا کہ بارشوں کا ہے درپے سلسلہ سیلاب کی تباہی میں مزید اضافہ کر رہا ہے،سیلاب سے لوگوں کا بہت نقصان ہوا ہے، ان کی مدد ہم سب کا فرض ہے،قدرتی آفت کا شکار علاقوں میں بحالی بڑا کام ہے، یہ اجتماعی کوشش سے ہی ممکن ہے، وزیراعظم نے اندرون و بیرون ملک پاکستانیوں، مخیر اداروں اور تنظیموں سے متاثرین کی مدد کے کام میں ہاتھ بٹانے کی اپیل کی۔