اسلام آباد (آن لائن)پاکستان نے بھارتیہ جنتا پارٹی کے ایک اور عہدیدارکی توہین آمیز بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارتی حکمران جماعت کے عہدیدار کی جانب سے توہین آمیز بیان پر مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں،عالمی برادری سے بھارت میں اسلامو فوبیا کی بگڑتی صورتحال کا فوری نوٹس لے اور بھارتی حکومت بی جے پی ارکان کے خلاف فوری اور فیصلہ کن کارروائی کرے،ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ گزشتہ تین ماہ میں یہ دوسرا واقعہ ہے کہ بی جے پی رہنما گستاخی کے مرتکب ہورہے ہیں،تضحیک آمیز بیان سے پاکستان سمیت دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے،بی جے پی کی مذکورہ عہدیدار کے خلاف علامتی اور غیر موثر تادیبی کارروائی ناکافی ہے، بی جے پی کا عمل بھارت اور پوری دنیا کے مسلمانوں کے درد اور غم کو دور نہیں کرسکتا، یہ انتہائی قابل مذمت ہے کہ راج سنگھ کو گرفتاری کے چند گھنٹوں میں ضمانت پر رہا کر دیا گیا، یہ بھی انتہائی قابل مذمت ہے کہ بی جے پی کے لوگوں نے راج سنگھ کا خیرمقدم کیاہے۔ترجمان عاصم افتخار نے کہا کہ اس سے قبل پیش آئے اسی طرح کے قابل مذمت واقعے کے بعد عالمی سطح پر غم و غصے اور اس کی شدید مذمت کے باوجود حالیہ واقعہ ایک بار پھر مسلمانوں کے خلاف بھارتی حکومت کے نفرت انگیز رویے کی نشاندہی کرتا ہے اور بھارت میں اسلاموفوبیا کی تشویشناک صورتحال کو مزید اجاگر کرتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ بھارت، غیر اعلانیہ ’ہندو راشٹرا‘ بن چکا ہے جہاں مسلمانوں کو انتہائی برے سلوک کا سامنا ہے، جبکہ ان کے مذہبی عقائد کو اکثریتی تسلط کے تحت پامال کیا جارہا ہے۔
Load/Hide Comments



