عیدالضحیٰ کی نماز مساجد کی بجائے کھلے میدانوں میں ادا کی جائے،این سی او سی کی ہدایت

اسلام آباد(آن لائن) ملک بھر میں کورونا کے مثبت کیسز میں اضافے کے پیش نظر نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے عید الاضحیٰ کے لیے نئی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ نماز کے اجتماعات مساجد کے بجائے کھلے مقامات اور میدانوں میں منعقد کیے جائیں۔این سی او سی کی نئی ہدایات میں کہا گیا ہے کہ کورونا سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنا بہت ضروری ہے، اس لیے نماز عید کے ایک اجتماع کے بعد رش کو کم رکھنے کے لیے ایک ہی مسجد میں 2 یا 3 اجتماعات منعقد کیے جائیں۔نئی گائیڈ لائنز میں علمائے کرام اور خطیب سے اپیل کی گئی ہے وہ نماز عید کے خطبات کو مختصر رکھیں۔این سی او سی نے علمائے کرام اور خطیب سے مزید درخواست کی ہے کہ وہ لوگوں کو ماسک اور سینیٹائزر کے استعمال کی تلقین کریں اور کورونا کی علامات جیسے بخار وغیرہ ظاہر ہونے کی صورت میں نماز کے اجتماعات میں شرکت نہ کرنے کی نصیحت کریں۔این سی او سی کی جانب سے جاری نئی گائیڈ لائنز میں شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ عید الاضحی کی نماز کھلے مقامات پر ادا کریں، نماز کی ادائیگی کے لیے مساجد میں اجتماعات کے بجائے کھلے مقامات اور میدانوں میں اجتماعات منعقد کیے جائیں۔