ن لیگ کا ضمنی انتخابات کے بعد انٹرا پارٹی انتخابات کا فیصلہ، صدارت کے لیے امیدوار بارے مشاورت شروع

اسلام آباد (آن لائن) نون لیگ نے ضمنی انتخابات کے بعد انٹرا پارٹی انتخابات کا فیصلہ کر لیا۔ مسلم لیگ نون کی صدارت کے لیے امیدوار شہباز شریف یا مریم نواز پارٹی میں مشاورت شروع، پارٹی کی سنئیر قیادت تاحال شہباز شریف کو صدر برقرار رکھنے پر متفق ہے جبکہ مریم نواز کی صدارت کے لیے پارٹی رہنماوں کی ابتدائی مشاورت کا عمل جاری ہے۔ سنئیر رہنماوں نے لیگی قائد کو رائے دی ہے۔ مریم نواز کو صدر بنا کر پارٹی کی تنظیم نو کو مکمل کیا جائے۔ تاہم لیگی قائد کی جانب سے مریم نواز کے سیاسی مستقبل پر تاحال کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ مسلم لیگ نون کو الیکشن کمشن کی جانب سے انٹرا پارٹی انتخابات کی تاخیر میں نوٹسز بھی جاری ہو چکے ہیں۔ اس سلسلے میں الیکشن کمشن کی جانب سے جاری نوٹسز میں کہا گیا ہے گذشتہ تین ماہ سے نون لیگ کی پارٹی تنظیم آئینی مدت ختم کر چکی ہے۔ نون لیگ نے الیکشن کمشن کو ضمنی انتخابات کے بعد پارٹی انتخابات کا عمل مکمل کرنے کی یقین دہانی کرا دی۔