جنیوا میں روایتی ہتھیاروں سے متعلق اقوام متحدہ کے کنونشن (سی سی ڈبلیو) کی جائزہ کانفرنس میں پانچ روزہ مذاکرات کے بعد رکن ممالک نے خودمختار مہلک ہتھیاروں کے نظام پر ایک بین الاقوامی دستاویز تیار کرنے کا عمل شروع کرنے پر اتفاق کر لیا۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق یہ کام آئندہ دو برس میں ہوگا اور اس کے لیے 128 رکن ممالک کا مکمل اتفاق رائے ضروری ہوگا۔
کانفرنس کے صدر، سوئس سفارت کار جولین تھونی نے کہا کہ اس عمل میں طے کیا جائے گا کہ بین الاقوامی انسانی قانون کے تحت کون سے ہتھیار ممنوع ہوں گے اور کن کو ضابطے میں لایا جا سکتا ہے۔ اکثر ممالک قانونی طور پر پابند معاہدے کے حامی ہیں جبکہ امریکا اور روس اس کے لیے آمادہ نہیں۔
مہم چلانے والی تنظیموں نے نتیجے کو کمزور قرار دیا ہے۔ تنظیم اسٹاپ کلر روبوٹس نے اسے کمزور مینڈیٹ کہا جبکہ ہیومن رائٹس واچ نے اسے مایوس کن قرار دیا۔



