خیبر پختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں پولیس اور محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کی مشترکہ کارروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں کم از کم تین دہشت گرد مارے گئے۔ ریڈیو پاکستان نے سی ٹی ڈی کے حوالے سے بتایا کہ کارروائی جمعہ کی رات کی گئی۔
ہلاک ہونے والوں میں سے دو کی شناخت عبدالحئی اور عبدالرشید کے نام سے ہوئی ہے جبکہ تیسرے کی شناخت کا عمل جاری ہے۔ حکام کے مطابق عبدالحئی ستمبر میں کوہاٹ پولیس لائنز پر ہونے والے خودکش حملے کا مبینہ ماسٹر مائنڈ تھا جس میں 17 پولیس اہلکاروں سمیت 23 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔
رواں ماہ کے آغاز میں بھی کوہاٹ میں پولیس قافلے پر حملے میں دس اہلکار شہید ہوئے تھے۔ خیبر پختونخوا میں بڑھتے ہوئے حملوں کے باعث گزشتہ ماہ صوبے میں ایمرجنسی نافذ کی گئی تھی۔



