چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ بانی کی بہنوں کا ایک ایک دن جیل میں ہم گناہ سمجھتے ہیں، دنیا میں کہیں 75 سال کی بہنوں کو قید نہیں رکھا جاتا۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا کہ بانی کی بہنوں کو ناحق قید رکھا ہوا ہے، بالکل غلط رکھا ہوا ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ بانی کی بہنوں کی فوری رہائی ہونی چاہیے۔
دریں اثنا راولپنڈی میں گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا سیاسی کشیدگی میں عدالتوں کا کردار بہت اہم ہوتا ہے، ہمارا لانگ مارچ ختم ہوگیا، کے پی میں ہماری حکومت بھی نہیں رہی۔
انھوں نے کہا ہم سب عدالتوں کی جانب دیکھ رہے ہیں، 2 سال سے انصاف کے منتظر ہیں، عدالتوں کے احکامات پر عملدرآمد ہونا چاہیے، ہماری خواہش تھی مولانا فضل الرحمان کے ساتھ ہمارا اتحاد بنے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا مولانا سے ملاقاتیں آل پارٹی کانفرنس کے حوالے سے ہوئی ہیں، جوائنٹ اپوزیشن میں مولانا ہمارے ساتھ ہیں، مولانا فضل الرحمان کے ساتھ تحریک چلانا ابھی قبل از وقت ہے۔
انھوں نے کہا کہ آگے بڑھیں گے تو سیاسی صورتحال واضح ہوجائے گی، مولانا فضل الرحمان کی سیاست اور ہماری سیاست الگ ہے، مشترکہ مسائل پر ہم اکٹھے ہوسکتے ہیں۔
بیرسٹر گوہر نے کہا سلمان صفدر بانی سے ملاقات کے بعد جو خبر لائے وہ حوصلہ افزا نہیں تھی، بانی پی ٹی آئی کی صحت کے حوالے سے ہمیں تشویش ہے، سپریم کورٹ کے 18 اگست کے آرڈر پر عملدرآمد ہونا چاہیے۔
انھوں نے کہا کہ ہم بلدیاتی انتخابات کا بائیکاٹ نہیں کر رہے، بھرپور حصہ لیں گے، لوکل گورنمنٹ میں ساری پارٹیاں شامل ہوتی ہیں ہم بھی ہوں گے، اسلام آباد کے 3 حلقوں کے لیے اپنے لوگوں کو ہدایت کردی کہ کاغذات کی تیاری کریں۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ حکومت اور وزیرداخلہ سے رابطے ہوتے رہتے ہیں، رابطہ رکھنا ہماری مجبوری ہے کیونکہ ہمارے لیے تمام راستے بند ہیں، گورنر رول اور ایمرجنسی جمہوری حکومت کا متبادل نہیں ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا ہماری حکومت میں اگر کوئی کمی کوتاہی تھی تو اس کا حل گورنر راج نہیں تھا، ابھی بھی وقت ہے گورنر راج کو ختم ہونا چاہیے، اس وقت ہر طرف خاموشی ہے، بیک ڈور پر بھی خاموشی ہے مذاکرات نہیں ہو رہے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا حکومت بھی بعض معاملات میں بے بس نظر آتی ہے، بانی کی بہنیں جیل میں ہیں امید ہے جلد رہائی ہوجائے گی، سیاسی کشیدگی اگر کم کرنی ہے تو بات چیت ضروری ہے۔
انھوں نے کہا کہ سہیل آفریدی سے متعلق ہمیں کوئی معلومات نہیں، کہا جا رہا ہے وہ پشاور میں ہیں، پشاور ہائیکورٹ میں درخواست دی تھی لیکن وہ آئینی عدالت نے روک دی۔



