چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) بلاول بھٹو زرداری نے دعویٰ کیا ہے کہ 10 لاکھ گھروں کی تعمیر میں کرپشن نہیں ہوئی، جبکہ منصوبے سے متعلق مانیٹرز کو جائزہ لینے کا چیلنج بھی کردیا۔
کراچی میں سیلاب متاثرن کو 10 لاکھ گھر فراہم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ آج سندھ حکومت نے تاریخ رقم کی ہے، دنیا میں یہ ہاؤسنگ کا سب سے بڑا منصوبہ ہے۔ حکومت سندھ نے 10 لاکھ گھر بنائے ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ جب یہ منصوبہ مکمل ہوگا تو ہم 20 لاکھ گھر بنائیں گے۔ پاکستان اور دنیا معاشی بحران سے گزر رہے ہیں۔ معاشی بحران اور بیروزگاری میں یہ گھر ایک تحفظ فراہم کرتا ہے۔ سندھ حکومت کا ہر منصوبہ صوبے کے عوام کا ساتھ دینے والا ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ ہم نے صرف گھر نہیں بنایا بلکہ لوگوں کو گھر کا مالک بنایا۔ یہ سب سے بڑا لینڈ ٹرانسفر کا منصوبہ ہے۔ جن کے پاس مالکانہ حقوق نہیں تھے انکو مالک بنایا۔ گھر کی خواتین کے پاس مالکانہ حقوق اور بینک اکاؤنٹ بھی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کا روٹی، کپڑا اور مکان کا وعدہ ہے۔ کچھ سیاستدان سمجھتے ہیں امیر طبقے کو ریسیٹ کریں۔ میں سمجھتا ہوں غریب عوام کو ریسیٹ کریں، اس سے ملک ترقی کرے گا۔ کاروباری اور امیر طبقے کے کہنے پر نہیں بلکہ غریب آدمی کے کہنے پر چلیں، غریب آدمی کے کہنے پر چلیں اس سے ملک ترقی کرے گا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ عوام سیاسی جماعتوں کی طرف دیکھ رہے ہیں کہ وہ ہمارے مسائل حل کریں نا کہ آپس میں لڑیں۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ یہ صرف گھر بنانے کا منصوبہ نہیں بلکہ خواتین کو مضبوط بنانے کا بھی منصوبہ ہے۔ یہ گھر خواتین کے نام پر ٹرانسفر کیے گئے ہیں۔ یہ 10 لاکھ گھر روزگار کا بھی بہت بڑا موقع بنا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ سیلاب متاثرین سے وعدہ کیا تھا کہ ان کو گھر بنا کر دیں گے۔ تین سال میں سندھ حکومت نے 10 لاکھ گھر بنا دیے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ 2023 کے سیلاب میں ہمارے 50 فیصد تعلیمی ادارے ختم ہوچکے تھے، ہم نے دوبارہ تعمیر کیے۔ اگر سندھ میں اتنے سارے بچے اسکول نہیں جاتے تو مسائل ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کردارکشی کرنے کے بجائے ہم سے سیکھیں غریبوں کی خدمت کیسے کی جاتی ہے۔ ہمارا منصوبہ کامیاب ہوا اور ہو رہا ہے، وفاق کے تعاون اور عالمی دنیا کے ساتھ سے یہ ممکن ہوا۔ سیاسی جماعتوں کو ایک دوسرے سے لڑنے کی بجائے ساتھ دینا پڑے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ سب سے زیادہ سندھ کی کردار کشی کی جاتی ہے، ہمارے مخالفین کہہ رہے تھے ہم پیسہ بنانے کےلیے محنت کر رہے تھے۔ وزیراعلیٰ سندھ سے کہتا ہوں عالمی اداروں کو لکھیں ہمارے منصوبے کا احتساب کریں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ دعوے کے ساتھ کہتا ہوں کہ اس منصوبے میں عوام کے لیے گھر بنے ہیں، کرپشن نہیں ہوئی۔
چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ صرف سندھ کے لیے نہیں، بلوچستان کے لیے بھی پیسے لیے۔ بلوچستان میں وفاقی حکومت نے 3 سال میں 30 ہزار گھر بنائے۔ سندھ اور بلوچستان میں سیلاب کے باعث کئی علاقے متاثر ہوئے۔ سندھ اور بلوچستان کا فضائی دورہ کیا تو لگا کہ سمندر کے اوپر سے گزر رہے ہیں۔ ہم نے اس وقت متاثرین سے وعدہ کیا تھا کہ گھر بنا کردیں گے۔
بلاول بھٹو زرداری نے بتایا کہ خواہش تھی کہ بلوچستان میں بھی متاثرین کو گھر بنا کردیں گے۔ بلوچستان میں وفاقی حکومت نے ذمہ داری لی اور سندھ میں ہم نے ذمہ داری لی۔ وفاقی حکومت نے تین سال میں 30 ہزار گھر بنائے اور ہم نے 10 لاکھ گھر بنائے۔
ان کا کہنا تھا کہ سیلاب کے وقت وفاقی وزراء ہماری مخالفت کرتے تھے۔ اس وقت کے ورلڈ بینک کے لوگوں نے سندھ حکومت پر اعتبار کیا۔
انہوں نے کہا کہ ہاؤسنگ منصوبے سے بڑا ملک میں کوئی منصوبہ نہیں۔ وزیر اعلیٰ سے کہتا ہوں کرپشن کی مانیٹرنگ کرنے والوں کو کہیں اس منصوبے کی مانیٹرنگ کریں۔ دعویٰ کرتا ہوں اس ہاؤسنگ منصوبے میں کوئی کرپشن نہیں ہوئی۔
چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ ہم پر تنقید کرتے ہیں کہ تعلیم میں مسائل ہیں لیکن یہ نہیں پوچھتے کہ مسائل کیوں ہیں۔ ہر سیلاب کے بعد ہم نے سندھ کے تعلیمی ادارے بار بار بنائے۔ سندھ میں لٹریسی ریٹ کم ہے زیادہ بچے اسکولوں سے باہر ہیں۔ اس کی وجہ ہے کہ باقی صوبوں نے ایسی صورتحال کا سامنا نہیں کیا۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ شہباز شریف کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے ہمارا ساتھ دیا۔ شہباز شریف سے پہلے جو وزیراعظم تھا اس نے سیلاب میں ہمیں ایک روپیہ نہیں دیا۔ شہباز شریف سے پہلے جو وزیراعظم تھا انہوں نے کہا کہ سندھ ہمارا نہیں۔



