فرانس نے فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کر لیا

جنرل اسمبلی میں اپنی تقریر کے دوران فرانس کے صدر نے اعلان کیا ہے کہ فرانس نے فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کر لیا ہے۔

فرانسیسی صدر ایمانویل میکرون نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم مزید انتظار نہیں کرسکتے، غزہ میں جنگ روکنے کا وقت آگیا ہے۔

صدر میکرون نے کہا کہ کوئی بھی چیز جاری جنگ کا جواز نہیں بنتی، انہوں نے مطالبہ کیا کہ حماس بھی دیگر 48 یرغمالیوں کو رہا کرے۔

نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں فلسطین کانفرنس جاری ہے جس کی سربراہی فرانس کے صدر ایمانویل میکرون اور سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان کر رہے ہیں۔

اس کانفرنس میں مسئلہ فلسطین کے حل کے لیے دو ریاستی حل کی حمایت کی جائے گی۔

واضح رہے کہ اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کا 80 واں اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف پاکستان کی نمائندگی کررہے ہیں۔

ترجمان وائٹ ہاؤس کیرولین لیوٹ کا کہنا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اقوام متحدہ اجلاس کے سائیڈ لائن میں عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے۔

ٹرمپ کی پہلے اقوام متحدہ سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس سے ملاقات ہوگی، صدر ٹرمپ پاکستان، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر، ترکیہ، مصر، اردن اور انڈونیشیا کے سربراہان سے بھی ملیں گے، یوکرین، ارجنٹائن اور یورپی یونین رہنماؤں سے بھی ٹرمپ کی ملاقات ہوگی۔

فلسطین سے متعلقہ کانفرنس میں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار شریک ہوں گے۔