بھارت جان لے پاکستان کشمیر کو کبھی نہیں چھوڑے گا: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے مختلف جامعات کے وائس چانسلرز اور سینئر اساتذہ سے ملاقات کی ہے۔

پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق وائس چانسلرز اور سینئر اساتذہ سے گفتگو کرتے ہوئے آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ بھارت جان لے کہ پاکستان کشمیر کو کبھی نہیں چھوڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر کا کوئی بھی سودا ممکن نہیں، ہم کبھی بھی کشمیر کو نہیں بھول سکتے، پانی پاکستان کی ریڈ لائن ہے، 24 کروڑ پاکستانیوں کے اس بنیادی حق پر آنچ نہیں آنے دیں گے۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان بھارت کی اجارہ داری کبھی قبول نہیں کرے گا، بھارت نے کئی دہائیوں سے کشمیر کے مسئلے کو دبانے کی کوشش کی، بھارت ناکام ہو چکا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ اب کشمیر کا مسئلہ دبانا ممکن نہیں رہا، دہشت گردی بھارت کا اندرونی مسئلہ ہے جس کی بنیادی وجہ اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں پر بڑھتا بھارتی ظلم اور تعصب ہے، مسئلہ کشمیر عالمی سطح کا مسئلہ ہے، بلوچستان میں دہشت گرد فتنۃ الہندوستان ہیں، ان کا بلوچوں سے کوئی تعلق نہیں۔