اردن میں دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام، 16 افراد زیر حراست

اردن کی جنرل انٹیلیجنس نے ملک میں دہشت گردی پھیلانے کا بڑا منصوبہ ناکام بنادیا۔

دارالحکومت امان سے عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اردنی حکام کے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ دہشت گرد منصوبہ بندی کے الزام میں 16 افراد زیر حراست ہیں۔

اردنی انٹیلیجنس کے مطابق ملزمان سال 2021 سے اپنے منصوبے کی تیاری میں مصروف تھے۔ ملزمان نے درآمد شدہ مواد سے خطرناک میزائل، بم اور ہتھیار تیار کیے۔

انٹیلیجنس کے مطابق زیر حراست ملزمان سے حملوں کےلیے تیار میزائل برآمد ہوئے ہیں، ملزمان نے دہشت گردی کیلئے ڈرون استعمال کرنے کا منصوبہ بنایا تھا۔

اردنی انٹیلیجنس کے مطابق دہشت گرد گروہ نے بیرون ملک سے بھی جنگجوؤں کے خدمات حاصل کی تھیں، تمام زیر حراست ملزمان کو اسٹیٹ سیکیورٹی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

عرب میڈیا کا بتانا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق دہشت گردی کا منصوبہ اندرونی مقاصد کےلیے بنایا گیا تھا، اس منصوبے کا فلسطین، شام یا کسی بھی دیگر مسئلوں سے کوئی تعلق نہیں۔